مہاراشٹرا

سنجے راوت کو 3 دن تک انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی تحویل میں بھیج دیا گیا

خصوصی عدالت نے پیر کے دن سنجے راوت کو 3 دن (جمعرات تک) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) کی تحویل میں بھیج دیا۔ معاملہ پتراچال لینڈ اسکام سے جڑے منی لانڈرنگ کیس کا ہے۔

ممبئی: خصوصی عدالت نے پیر کے دن سنجے راوت کو 3 دن (جمعرات تک) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) کی تحویل میں بھیج دیا۔ معاملہ پتراچال لینڈ اسکام سے جڑے منی لانڈرنگ کیس کا ہے۔

خصوصی پی ایم ایل اے عدالت کے جج ایم جی دیشپانڈے کے اجلاس پر سنجے راوت کو پیش کیا گیا تھا۔ ای ڈی نے آج صبح سنجے راوت کو گرفتار کرلیا تھا۔ ای ڈی کے وکیل ہیتن وینگاؤنکر نے 8 دن کی کسٹڈی مانگی لیکن راوت کے وکیل اشوک مندرگی نے مختلف وجوہات پر اس کی مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے موکل کو عارضہ قلب لاحق ہے۔ ای ڈی کے وکیل نے بحث کی کہ سنجے راوت تحقیقات میں تعاون نہیں کررہے ہیں لہٰذا ان سے زیرحراست پوچھ تاچھ ضروری ہے۔ ایجنسی‘ پتراچال اسکام کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے دلیل دی کہ شریک ملزم پروین راوت صرف ایک فرنٹ میان ہے۔ پتراچال اسکام سے متعلق ساری معاملتیں سنجے راوت کیا کرتے تھے۔ سنجے راوت کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کی گرفتاری سیاسی محرکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنجے راوت دل کے مریض ہیں اور ان کی سرجری ہوچکی ہے۔ اس تعلق سے سارے میڈیکل پیپرس عدالت میں جمع کرادیئے گئے ہیں۔

وینگاؤنکر نے دعویٰ کیا کہ پروین راوت کو ایچ ڈی آئی ایل سے 112کروڑ روپے ملے تھے جس میں سے 1.6کروڑ روپے سنجے راوت کو ٹرانسفر کئے گئے تھے۔ اس کی تحقیقات ضروری ہیں۔ ای ڈی کے وکیل نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ سنجے راوت نے ایک خاتون گواہ کو دھمکایا تھا۔ انہوں نے 2 سمن نظرانداز کردیئے۔

وہ کیس کی تحقیقات میں تعاون نہیں کررہے ہیں۔ فریقین کی بحث سننے کے بعد خصوصی جج دیشپانڈے نے 8 دن کی تحویل سے انکار کردیا اور کہا کہ 4 اگست تک تحویل کافی ہے۔ عارضہ ئ قلب اور سرجری کا نوٹ لیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ سنجے راوت سے رات دیرگئے تک پوچھ تاچھ کے بجائے انہیں کچھ آرام دیا جائے۔

انہیں صبح کے اوقات میں ان کی قانونی ٹیم سے ملنے دیا جائے اور رات 10 بجے کے بعد کوئی پوچھ تاچھ نہ ہو۔ یکم جولائی کو ای ڈی نے سنجے راوت کو بلاکر 10 گھنٹے پوچھ تاچھ کی تھی۔

بعدازاں انہیں 3 مرتبہ بلایا گیا لیکن وہ نہیں آئے اور انہوں نے 7 اگست تک مہلت مانگی۔ ای ڈی نے 31جولائی کی صبح بھانڈوپ میں سنجے راوت کے بنگلہ پر چھاپا مارا اور 9 گھنٹے پوچھ تاچھ کے بعد انہیں جنوبی ممبئی میں اپنے دفتر لے گئی جہاں انہیں زیرحراست رکھ کر 7 گھنٹے پوچھ تاچھ کی گئی۔ بعدازاں انہیں گرفتار کرلیا گیا۔