مہاراشٹرا

شردپوار،کالاجادو کرنے والا بھوندو بابا : بی جے پی قائد

سیاسی بحث نئی پستی میں چلی گئی۔ بی جے پی نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) صدر شردپوار کو جمعہ کے دن ”بھوندو بابا“ قراردیا جو ”کالا جادو“ کرتا ہے۔

ستارا: سیاسی بحث نئی پستی میں چلی گئی۔ بی جے پی نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) صدر شردپوار کو جمعہ کے دن ”بھوندو بابا“ قراردیا جو ”کالا جادو“ کرتا ہے۔

82 سالہ بزرگ سیاستداں کے تعلق سے پہلے کبھی کسی نے ایسی بات نہیں کی تھی۔ بی جے پی کے ریاستی صدر چندرشیکھر باونکولے نے ستارا میں میڈیا سے بات چیت میں جب یہ کہا تو سیاسی ہنگامہ برپا ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ شردپوار بھوندو بابا (جعلی عامل) جیسے ہیں جو اپنے دائرہ اثر میں آنے والے کسی بھی فرد پر کالا جادو کردیتا ہے۔

حقیقت تو یہ ہے کہ ان کی ساری پارٹی یہی کرتی ہے۔ باونکولے نے اپنے عجیب وغریب دعویٰ کے جواز میں شیوسینا بالاصاحب ٹھاکرے کے صدر اُدھو ٹھاکرے کا حوالہ دیا جو 2019میں شردپوار کے منتر تنتر میں آگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب حکومت بنانے کے عمل میں تھے اُدھو ٹھاکرے‘ شردپوار کے رابطہ میں آئے اور ان پر شردپوار کا جادو چل گیا۔

ادھو ٹھاکرے نے ہمارا ساتھ چھوڑدیا اور لوٹ کر نہیں آئے۔ شردپوار کے جال میں جو بھی پھنستا ہے اس کا یہی حشر ہوتا ہے۔ این سی پی کے پہلے ردعمل میں پارٹی رکن اسمبلی نیلیش ڈی لانکے نے باونکولے کی زبان درازی کو بگڑے ذہن کی پیداوار قراردیا۔ این سی پی کے قومی ترجمان کلائیڈ کراسٹو نے کہا کہ باونکولے نے آپا کھودیا ہے۔

اقتدار ان کے دماغ پر چڑھ گیا ہے۔ ان کی سوچ منفی ہے اور وہ کالا جادو جیسی چیزوں پر وشواس (یقین) رکھتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ انہیں پتہ ہے کہ کالاجادو کیسے کام کرتا ہے۔ وہ خود بھی کالا جادو کرتے ہوں گے۔ دنیا کافی ترقی کرچکی ہے لیکن وہ آج بھی ماضی میں جی رہے ہیں۔

سستی شہرت کے لئے وہ ایسی باتیں کرتے رہتے ہیں۔ باونکولے سابق میں بھی عجیب و غریب باتیں کرچکے ہیں۔ 2 ماہ قبل انہوں نے شردپوار کے 60 سال پرانے گڑھ بارہ متی کا دورہ کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ وہ 2024 کے اسمبلی الیکشن میں ریاست میں این سی پی۔ کانگریس کا وسرجن کردیں گے۔

ایک وقت باونکولے نے این سی پی سربراہ کو جنہیں کسی وقت وزیراعظم نریندر مودی نے اپنا گرو کہا تھا‘ خبردار کیا تھا کہ وہ وزیراعظم کو چیلنج کرنے کا خواب نہ دیکھیں۔