قومی

جھارکھنڈ میں 27 ماؤسٹوں کی خودسپردگی

جھارکھنڈ میں 27ماؤسٹوں نے جمعرات کو پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔ حکام کے مطابق خودسپردگی کی تقریب ڈی جی پی تڈاشا مشرا کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

رانچی (پی ٹی آئی) جھارکھنڈ میں 27ماؤسٹوں نے جمعرات کو پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔ حکام کے مطابق خودسپردگی کی تقریب ڈی جی پی تڈاشا مشرا کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

حکام نے بتایا کہ ہتھیار ڈالنے والوں کا تعلق ممنوعہ سی پی آئی ماؤسٹ سے ہے جنہوں نے جھارکھنڈ پولیس‘ جھارکھنڈ جاگوار اور سی آر پی ایف کے روبرو خودسپردگی اختیار کی۔

ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ 27ماؤسٹوں نے جو متعدد کیسس میں مطلوب تھے‘ آپریشن نوجیون کے تحت پولیس کے آگے خودسپردگی اختیار کی۔ 2026 میں جملہ 22 ماؤسٹوں کو ہلاک کیا گیا‘ 44 کو گرفتار کیا گیا اور 29 نے ہتھیار ڈال دیئے۔

ہم باقی بچے ہوئے چند ماؤسٹوں سے بھی یہ درخواست کرتے ہیں کہ اصل قومی دھارے میں لوٹ آئیں۔ مشرا نے کہا کہ انتہاپسندی کے خاتمہ کے لئے سیکوریٹی فورسس کی مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔

جمعرات کے روز خودسپردگی اختیار کرنے والے 27 ماؤسٹوں کی بھرپور مدد اور بازآبادکاری کی جائے گی۔

سی آر پی ایف کے آئی جی ساکیت سنگھ نے کہا کہ ہم خودسپردگی اختیار نہ کرنے والے ماؤسٹوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تشدد کا راستہ ترک کردیں اور قومی اصل دھارے میں لوٹ آئیں۔