بی جے پی لیڈر کے مکان کے باہر بم اور دھمکی آمیز خط پایا گیا
مغربی بنگال کے ضلع شمالی 24 پرگنہ میں ایک بی جے پی لیڈر کی رہائش گاہ کے باہر ایک خام بم اور دھمکی آمیز مکتوب پایا گیا۔ یہ واقعہ آج صبح پیش آیا جس کے نتیجہ میں اس علاقہ میں دہشت پھیل گئی۔
کولکتہ (آئی اے این ایس) مغربی بنگال کے ضلع شمالی 24 پرگنہ میں ایک بی جے پی لیڈر کی رہائش گاہ کے باہر ایک خام بم اور دھمکی آمیز مکتوب پایا گیا۔ یہ واقعہ آج صبح پیش آیا جس کے نتیجہ میں اس علاقہ میں دہشت پھیل گئی۔
مقامی عوام کے مطابق یہ واقعہ بصیرہاٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع شاسینا گاؤں میں پیش آیا جہاں بی جے پی کے بوتھ صدر انیل بارن ملک رہتے ہیں۔ شرپسندوں نے کل رات تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے مکان کے دروازہ پر 2 خام بم رکھ دیئے اور فرار ہوگئے۔
یہ واقعہ جمعرات کی علی الصبح منظرعام پر آیا جب ملک نے دروازہ کھولا اور انہیں دھماکو اشیاء دکھائی دیں۔ اس دریافت کے بعد علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ دیہاتی وہاں جمع ہوگئے اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔ مقامی عوام نے پولیس کو اس واقعہ کے بارے میں بتایا۔
پولیس ملازمین بشمول اس علاقہ میں تعینات مرکزی فورسس جائے واقعہ پر پہنچ گئیں اور محفوظ طریقہ سے دھماکو اشیاء کو ہٹادیا گیا۔ ایک دھمکی آمیز خط اور بالکنی کی گرل سے بندھی ہوئی بوتلیں بھی پائی گئیں۔ بی جے پی لیڈر کے مطابق اس سے پہلے بھی انہیں دھمکانے کی کوشش کی جاچکی ہے۔ انیل بارن ملک نے دعویٰ کیا کہ وہ تقریباً 2 دہائیوں تک بی جے پی سے وابستہ رہے ہیں اور اس سے پہلے کبھی انہیں دھمکیاں نہیں ملی ہیں۔
انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر الزام لگایا کہ اس واقعہ کے پس پردہ سیاسی رقابت کارفرما ہوسکتی ہے۔ انیل نے دعویٰ کیا کہ اشرار برہم ہیں کیونکہ وہ طویل عرصہ سے بی جے پی بوتھ صدر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔
یہ دریافت کرنے پر کہ اس کے پیچھے کون ہوسکتا ہے‘ انہوں نے کہا کہ میں نے کسی کو اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا لہٰذا میں کسی کا نام لے کر دشمنی بڑھانا نہیں چاہتے لیکن اب ترنمول کانگریس کے علاوہ اور کون ہوسکتا ہے؟۔ مقامی بی جے پی کارکنوں نے اس واقعہ کی مذمت کی اور ملک کی سیکوریٹی میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا۔