ممنوعہ تنظیم کے 2 ارکان سمیت 5 گرفتار
اتر پردیش کے بہرائچ ضلع کے تحت ہند -نیپال بین الاقوامی سرحد پر غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ممنوعہ تنظیم 'وارث پنجاب دے ' کے دو سرگرم ارکان سمیت پانچ افراد کو بہرائچ پولیس اور ایس ایس بی نے مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا ہے۔
بہرائچ: اتر پردیش کے بہرائچ ضلع کے تحت ہند -نیپال بین الاقوامی سرحد پر غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ممنوعہ تنظیم ‘وارث پنجاب دے ‘ کے دو سرگرم ارکان سمیت پانچ افراد کو بہرائچ پولیس اور ایس ایس بی نے مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے ملزمین کے قبضے سے غیر ملکی دستاویزات، جعلی ہندوستانی شناختی کارڈ، موبائل فون، بینک کارڈ، غیر ملکی اور نیپالی کرنسی، گاڑی اور دیگر سامان برآمد کر کے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق جمعرات کی دیر شام خصوصی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ہند -نیپال سرحد پر واقع بی آئی ٹی چیک پوسٹ پر ایس ایس بی اور روپئی ڈیہا پولیس کی جانب سے مشترکہ تلاشی لی جا رہی تھی۔
اسی دوران ایک انووا کار کو روک کر جانچ کی گئی۔ پوچھ گچھ کے دوران مشکوک سرگرمیاں سامنے آنے پر سیکورٹی ایجنسیوں نے گہرائی سے تفتیش کی۔ اس کے بعد امریکی شہری منویر سنگھ ڈھلوں سمیت دیگر مشتبہ افراد کو ہندوستان-نیپال سرحد سے غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوتے وقت حراست میں لے لیا گیا۔تفتیش میں یہ حقیقت سامنے آئی کہ ملزمان نے جعلی شناختی دستاویزی کارڈ (پین کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس وغیرہ) تیار کر کے منظم طریقے سے ہندوستان میں داخل ہونے کا منصوبہ بنایا تھا۔
پوچھ گچھ کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ گرفتار دو ملزمان ممنوعہ تنظیم ‘وارث پنجاب دے ‘ کے سرگرم رکن ہیں اور پنجاب میں درج مختلف مجرمانہ معاملات میں مطلوب رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس سپرنٹنڈنٹ وشواجیت شریواستو نے بتایا کہ ملزمان کی مجرمانہ تاریخ اور تنظیم سے جڑے دیگر پہلوؤں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ واقعے کی اطلاع پنجاب پولیس کو بھی دے دی گئی ہے اور مرکزی و ریاستی سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل قائم کر کے ملزمان کے نیٹ ورک اور ممکنہ رابطوں کی بھی پڑتال کی جارہی ہے۔
گرفتار ملزمان میں امریکی شہری منویر سنگھ ڈھلوں، پنجاب کے رہائشی وکرم جیت سنگھ، بہرائچ کے رہائشی راہل کمار، سریش کمار پاٹھک اور دلیپ پاٹھک عرف راہل پاٹھک شامل ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک آئی فون، پاسپورٹ، بینک آف امریکہ کا ڈیبٹ کارڈ، امریکی کریڈٹ کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، تقریباً 900 امریکی ڈالر، نیپالی کرنسی، جعلی ہندوستان شناختی دستاویزات، ایک ہونڈا شائن موٹر سائیکل اور ایک اینووا کار برآمد کی ہے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ روپئی ڈیہا میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی مختلف دفعات اور امیگریشن و فارنرز ایکٹ کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔