جنتر منتر کے آس پاس موبائل انٹرنیٹ پر پابندی بڑھادی گئی
کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے دھرنے اور احتجاجی مظاہرے کے پیشِ نظر جنتر منتر کے آس پاس "سکیورٹی وجوہات سے " موبائل انٹرنیٹ خدمات پر لگائی گئی پابندی کی مدت رات 12 بجے تک بڑھا دی گئی ہے۔
نئی دہلی: کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے دھرنے اور احتجاجی مظاہرے کے پیشِ نظر جنتر منتر کے آس پاس "سکیورٹی وجوہات سے ” موبائل انٹرنیٹ خدمات پر لگائی گئی پابندی کی مدت رات 12 بجے تک بڑھا دی گئی ہے۔
علاقے میں جمعرات کی صبح سے ہی انٹرنیٹ خدمات بند ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ انٹرنیٹ خدمات پر پابندی پہلے جمعہ کی دوپہر تک کے لیے بڑھائی گئی تھی جسے اب رات 12 بجے تک کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔
ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے صارفین کو فون پر بھیجے جا رہے پیغام میں لکھا ہے، "حکومت کے حکم کے مطابق، آپ کے علاقے میں انٹرنیٹ خدمات عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں۔”دوسری طرف جنتر منتر پر لوگوں کو اکٹھا ہونے سے روکنے کے لیے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے آج صبح 7:30 بجے سے اگلے حکم تک 17 میٹرو اسٹیشن بند کر دیے ہیں۔
ان میں لوک کلیان مارگ، راجیو چوک، پٹیل چوک، رام کرشن آشرم مارگ، بارہ کھمبا روڈ، سپریم کورٹ، سیوا تیرتھ، جن پتھ، منڈی ہاؤس، سنٹرل سکریٹریٹ، آئی ٹی او، دہلی گیٹ، اندرپرستھ، خان مارکیٹ، جور باغ، شیواجی اسٹیڈیم اور جھنڈے والان اسٹیشن شامل ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ میڈیکل داخلہ امتحان نیٹ کا سوالنامہ افشا ہونے سے ناراض طلبہ اور دیگر مظاہرین سی جے پی کی کال پر گزشتہ کئی دنوں سے نئی دہلی کے جنتر منتر دھرنا گاہ پر جمع ہیں۔ حکومت نظم و ضبط برقرار رکھنے کی بات کہہ کر آس پاس کے علاقے میں میٹرو اور انٹرنیٹ خدمات پر پابندیاں لگا رہی ہے۔