حیدرآباد میں مانسون کی پہلی بارش
آج شام ہوئی بارش کے نتیجہ میں شہریوں کو گرمی سے بڑی راحت ملی ہے اور گھروں سے باہر موسم میں خنکی محسوس کی جارہی ہے تاہم گھروں میں گرمی کی حدت برقررار ہے۔

حیدرآباد: جنوب مغربی مانسون شہر حیدرآباد میں بھی سرگرم ہوگیا ہے جس کے نتیجہ میں آج شام شہر کے کئی مقامات ہلکی و تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔
آج شام ہوئی بارش کے نتیجہ میں شہریوں کو گرمی سے بڑی راحت ملی ہے اور گھروں سے باہر موسم میں خنکی محسوس کی جارہی ہے تاہم گھروں میں گرمی کی حدت برقررار ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دو تین مرتبہ اگر شدت کے ساتھ بارش ہوتی ہے تو گھروں میں موجود حدت بھی بڑی حد تک ختم ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ تلنگانہ میں جنوب مغربی مانسون کی آمد تاخیر سے ہوئی ہے۔ نہ صرف تلنگانہ بلکہ اس مرتبہ مانسون کی آمد ہی تاخیر سے ہوئی ہے۔ عام طور پر جنوب مغربی مانسون سب سے پہلے (یکم جون کو) کیرالہ پہنچتا ہے۔ تاہم اس مرتبہ مانسون کیرالہ ہی تاخیر سے پہنچا جس کے نتیجہ میں کرناٹک، آندھراپردیش اور تلنگانہ میں بھی اس کی آمد میں تاخیر ہوئی۔
جنوب مغربی مانسون کی آمد کے ساتھ ہی تلنگانہ کے مختلف مقامات پر پیر سے ہی بارش ہورہی ہے جبکہ حیدرآباد میں بھی مطلع پیر سے ہی ابرآلود دیکھا جارہا تھا۔ کل یعنی منگل کو شہر کے مضافاتی علاقوں میں کہیں کہیں بوندا باندی ہوئی تاہم آج شام شہر کے کئی مقامات پر تیز بارش نے شہر میں جنوب مغربی مانسون کی آمد کی توثیق کردی ہے۔
آج شام شہر کے کئی مقامات جیسے ٹولی چوکی، شیخ پیٹ، منی کونڈا، کونڈا پور، قلعہ گولکنڈہ، مہدی پٹنم، عطاپور رنگ روڈ، کاپرا، ملکاجگری، تارناکہ، آر سی پورم، سعید آباد، ملک پیٹ، یوسف گوڑہ، ایس آر نگر، صنعت نگر اور دیگر علاقوں میں اچھی خاصی بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی۔
دوسری طرف تلنگانہ کے مختلف اضلاع جیسے کریم نگر، ورنگل، سرسلہ، سدی پیٹ، سنگاریڈی میں بھی مختلف مقامات پر وقفہ وقفہ سے ہلکی تا اوسط بارش کی اطلاعات ملی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران جنوب مغربی مانسون پوری ریاستی تلنگانہ میں سرگرم ہوجائے گا جس کے نتیجہ میں حیدرآباد اور تلنگانہ کے کئی مقامات پر اوسط سے تیز بارش ہوگی۔