دہلی

آفس پارٹی ویڈیو، ایرانڈیا سیاٹس کے 4 سینئر عہدیدار برطرف

نئی دہلی (آئی اے این ایس) ایرانڈیا سیاٹس (اے آئی سیاٹس) نے گروگرام میں آفس پارٹی کا ویڈیو وائرل ہونے پر 4 سینئر عہدیداروں کو برطرف کردیا۔ احمدآباد طیارہ حادثہ میں 270 ہلاکتوں کا غم منایا جارہا ہے ایسے میں ایرانڈیا کے عہدیداروں کی اس بے حسی پر سخت تنقید ہوئی۔

ویڈیو میں جس میں اے آئی سیاٹس کے چیف آپریٹنگ آفیسر ابراہم زکریا اور دیگر عہدیداروں کو زوردار آواز والی موسیقی پر رقص کرتے دیکھا جاسکتا ہے‘ سوشل میڈیا میں برہمی دیکھی گئی۔

اے آئی سیاٹس ایرپورٹ گراؤنڈ سرویسس فراہم کرنے والی کمپنی ہے۔ یہ 2 کمپنیوں ایرانڈیا لمیٹڈ (ٹاٹا گروپ) اور سیاٹس لمیٹڈ کا مشترکہ (50-50) وینچر ہے۔ سیاٹس‘ ایرپورٹ سرویسس کے علاوہ غذا بھی فراہم کرتی ہے۔

20 جون کی پارٹی میں بنگلورو انٹرنیشنل ایرپورٹ لمیٹڈ کے جی ایم سمپریت کوٹیان‘ اے آئی سیاٹس کے سی او او ابراہم زکریا اور کمپنی کے چیف فینانشیل آفیسر نے شرکت کی تھی۔ ذرائع نے آئی اے این ایس کو یہ بات بتائی۔

بے حسی والا یہ جشن ایسے وقت منایا گیا جب احمدآباد میں کئی کنبوں کو اپنے عزیزوں کی نعشوں کا انتظار ہے۔ جمعہ کی صبح تک 220 نعشوں کے منجملہ 202 کی ہی شناخت ہوسکی۔ کئی دیگر نعشیں ابھی بھی مردہ گھر میں موجود ہیں۔