قومی

مودی اور شاہ، ملک کو بیچ دینے والے غدار۔ راہول گاندھی کی وارننگ، آنے والے دنوں میں مہنگائی بڑھے گی

کانگریس قائد راہول گاندھی نے چہارشنبہ کے دن وزیراعظم نریندر مودی‘ وزیر داخلہ امیت شاہ اور آر ایس ایس کو ”غدار“ قراردیا جو روزانہ ملک کے دستور پر حملہ آور ہیں اور ان لوگوں نے ملک کے مفادات کو چنندہ صنعت کاروں کے ہاتھوں بیچ دیا ہے۔

رائے بریلی(یوپی) (پی ٹی آئی) کانگریس قائد راہول گاندھی نے چہارشنبہ کے دن وزیراعظم نریندر مودی‘ وزیر داخلہ امیت شاہ اور آر ایس ایس کو ”غدار“ قراردیا جو روزانہ ملک کے دستور پر حملہ آور ہیں اور ان لوگوں نے ملک کے مفادات کو چنندہ صنعت کاروں کے ہاتھوں بیچ دیا ہے۔

رائے بریلی کے رکن پارلیمنٹ نے اپنے حلقہ کے دورہ کے دوسرے دن یہ سخت تنقید کی۔ وہ بہوجن سوابھیمان سبھا سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو اٹھ کھڑے ہونا ہوگا اور لڑنا ہوگا۔ آر ایس ایس ورکرس جب آپ کے گھر آتے ہیں اور مودی اور امیت شاہ کی باتیں کرتے ہیں تو آپ کو ان سے کہنا چاہئے کہ ان کی تنظیم‘ مودی اور شاہ غدار ہیں۔ ان لوگوں نے ہمارے ملک کو بیچنے کا کام کیا ہے۔

دستور‘ امبیڈکرجی اور مہاتما گاندھی پر حملہ کیا ہے۔ ریالی میں راہول گاندھی نے وزیراعظم پر الزام عائد کیا کہ وہ دستور پر روزانہ 24 گھنٹے حملہ آور ہیں۔ انہوں نے منریگا کو کمزور کیا‘ ذات پات پر مبنی مردم شماری نہیں کرائی اور چنندہ صنعت کاروں پر نوازش کرم مہربانی کی۔

کانگریس قائد نے پٹرول کا استعمال کم کرنے‘ سونا نہ خریدنے اور بیرون ِ ملک نہ جانے کی مودی کی حالیہ اپیلوں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ آنے والے مہینوں میں مہنگائی تیزی سے بڑھ جائے گی۔ پٹرول‘ ڈیزل‘ گیس‘ غذائی اجناس سب کچھ مہنگے ہوجائیں گے۔ آپ نے ایسی مہنگائی اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھی ہوگئی۔ فرٹیلائزر کی قلت کی مار کسانوں پر پڑے گی لیکن معاشی اثر امبانی اور اڈانی پر نہیں پڑے گا‘ صرف عام شہریوں پر پڑے گا۔

قائد اپوزیشن لوک سبھا نے الزام عائد کیا کہ الیکشن سے قبل جنتا کو تیقن دیا گیا تھا کہ پٹرول اور گیس کی کوئی قلت نہیں ہے اور ایندھن کے دام نہیں بڑھیں گے لیکن اب اس کا الٹ ہوگیا۔ آج پٹرول کی قیمت بڑھ رہی ہے‘ امبانی فیول ہندوستان کے باہر بھیج رہا ہے۔ وہ روس سے تیل خریدتا ہے اور باہر بیچ دیتا ہے اور اس سے ملنے والی رقم مودی کی فنڈنگ میں استعمال ہوتی ہے۔

راہول گاندھی نے کہا کہ حکومت آنے والے بحران سے لوگوں کو بچا نہیں پائے گی جس کا اثر دو تا تین مہینوں میں واضح ہوجائے گا۔ آپ نریندرمودی کو ٹی وی پر کووِڈ اور نوٹ بندی کے وقت کی طرح روتے دھوتے دیکھیں گے۔ وہ کہیں گے کہ یہ میری غلطی نہیں ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ میرا کہنا ہے کہ غلطی مودی‘ شاہ اور آر ایس ایس کی ہے کیونکہ ان لوگوں نے دستور کو تباہ کردیا۔ مودی نے ملک کا معاشی نظام اڈانی‘ امبانی اور امریکہ کے حوالہ کردیا۔