شمالی بھارت

گروگرام میں مسلم مزدوروں کو تخلیہ کردینے کا انتباہ

پڑوسی ضلع نوح میں پیر کو نکالی جانے والی شوبھا یاترا سے قبل گروگرام کے سیکٹر۔69 میں جھگی جھونپڑیوں پر چند انتباہی پوسٹرس چسپاں کئے گئے۔ ان جھونپڑیوں کے مکینوں کو انتباہ دیا گیا کہ وہ علاقہ کا تخلیہ کردیں بصورت دیگر عواقب کا سامنا کرنے تیار رہیں۔

گروگرام: پڑوسی ضلع نوح میں پیر کو نکالی جانے والی شوبھا یاترا سے قبل گروگرام کے سیکٹر۔69 میں جھگی جھونپڑیوں پر چند انتباہی پوسٹرس چسپاں کئے گئے۔ ان جھونپڑیوں کے مکینوں کو انتباہ دیا گیا کہ وہ علاقہ کا تخلیہ کردیں بصورت دیگر عواقب کا سامنا کرنے تیار رہیں۔

متعلقہ خبریں
پھیپھڑے کی منتقلی کیلئے گروگرام میں 12 کلو میٹر کا گرین کاریڈور
ہریانہ تشدد، دہلی کے کئی علاقوں میں وی ایچ پی کے احتجاجی مظاہرے

سیکٹر۔69 میں واقع سلم بستی میں تقریباً 200 خاندان ہیں جن میں بیشتر مغربی بنگال کے مہاجر مزدور ہیں۔ ایک مکین نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب چند نامعلوم لوگوں نے دو انتباہی پوسٹرس چسپاں کئے اور ہمیں دھمکی دی کہ 28 /اگست تک علاقہ خالی کردیں یا پھر غضب کا سامنا کریں۔

اس نے کہا کہ پوسٹرس میں انتباہ دیا گیا کہ مکین‘ سلم بستی کو 28 /اگست تک خالی کردیا جائے بصورت دیگر ان کی جھونپڑیاں جلادی جائیں گی اور ان میں رہنے والے لوگ ہی اپنی جانوں کے ذمہ دار ہوں گے۔ ان پوسٹرس میں بجرنگ دل اور وی ایچ پی کے نام بھی ذکر کئے گئے ہیں۔

سلم بستی میں رہنے والے لوگوں نے کہا کہ 31 /جولائی کے نوح فرقہ وارانہ تصادم کے گروگرام پہنچنے کے بعد بیشتر جھونپڑیوں کا تخلیہ کردیا گیا ہے اور ہنوز ان پر تالے پڑے ہوئے ہیں۔ اگرچہ پولیس نے ان کی سلامتی کا یقین دلایا ہے مگر سلم کے مکینوں میں خوف و ہراس برقرار ہے۔

ایس ایچ او بادشاہ پور پولیس اسٹیشن ستیش دیشول نے کہا ”معاملہ ہمارے علم میں آیا ہے اور ہم نے عوام کے تحفظ کے لئے پی سی آر ویانس کے ساتھ پولیس والوں کی تعیناتی کو یقینی بنایا ہے۔ ہم نے مقام سے انتباہی پوسٹرس کو برآمد کرلیا ہے۔ معاملہ زیر تفتیش ہے۔ اس کارروائی کے لئے جو ذمہ دار ہیں ان کو گرفتار کیا جائے گا۔“