Cold Wave: کانپور میں ایک ہفتہ میں ہارٹ اٹیک سے 98 اموات
اعدادوشمار پریشان کن ہیں۔ گزشتہ 5 دن میں اترپردیش کے شہر کانپور میں ہارٹ اور برین اسٹروک کی وجہ سے 98 اموات ہوئی ہیں۔
کانپور: اعدادوشمار پریشان کن ہیں۔ گزشتہ 5 دن میں اترپردیش کے شہر کانپور میں ہارٹ اور برین اسٹروک کی وجہ سے 98 اموات ہوئی ہیں۔
44 اموات دواخانہ میں ہوئیں جبکہ 54 مریضوں نے علاج سے قبل دم توڑدیا۔ یہ اعدادوشمار ایل پی ایس انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے فراہم کئے۔ لکشمی پت سنگھانیہ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ کارڈیاک سرجری کانپور کے بموجب گزشتہ ایک ہفتہ میں 723 دل کے مریض ایمرجنسی اور او پی ڈی (آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ) میں لائے گئے تھے۔
14 مریض جنہیں شدید سردی تھی‘ ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہفتہ کو چل بسے جبکہ 6 کی موت ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں دورانِ علاج ہوئی۔ 8 مریض مردہ حالت میں انسٹی ٹیوٹ لائے گئے تھے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کانپور کے ایس پی ایس ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں 14 مریضوں کی موت واقع ہوئی۔
ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں جملہ 604 مریض زیرعلاج ہیں۔ ان میں 54 نئے مریض شامل ہیں۔ ڈائرکٹر کارڈیالوجی ونئے کرشنا نے کہا کہ مریضوں کو اس موسم میں ٹھنڈ سے بچانا چاہئے۔ کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی(کے جی ایم یو) لکھنو کے ایک فیکلٹی ممبر کا کہنا ہے کہ اس موسم ِ سرما میں ہارٹ اٹیکس عمررسیدہ لوگوں تک محدود نہیں ہیں۔
ہم نے کم عمر مریضوں میں بھی ایسے کیسس دیکھے ہیں۔ بلالحاط عمر ہر ایک کو چاہئے کہ وہ خود کو گرم رکھیں اور جتنا ممکن ہو گھر کے اندر رہیں۔