قومی

دھرمیندر پردھان کو جانا ہی ہوگا : کاکروچ جنتا پارٹی

کاکروچ جنتا پارٹی(سی جے پی) نے جمعہ کے دن حکومت سے کہہ دیا کہ وہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے مطالبہ پر اٹل ہے۔ اس نے کہاکہ 20 جولائی کو احتجاجی طلبا کو جس بری طریقہ سے ماراپیٹا گیا اس کے لئے حکومت کو کھلے عام معافی مانگنی ہوگی۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) کاکروچ جنتا پارٹی(سی جے پی) نے جمعہ کے دن حکومت سے کہہ دیا کہ وہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے مطالبہ پر اٹل ہے۔ اس نے کہاکہ 20 جولائی کو احتجاجی طلبا کو جس بری طریقہ سے ماراپیٹا گیا اس کے لئے حکومت کو کھلے عام معافی مانگنی ہوگی۔

مرکزی وزرا جے پی نڈا اور جتیندر سنگھ سے ملاقات میں سی جے پی نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ 3 مئی کا نیٹ امتحان منسوخ ہونے کے بعد جن طلبا نے خودکشی کرلی تھی ان کے کنبوں کو 1 کروڑ روپے معاوضہ دیا جائے۔ سی جے پی ترجمان سورو داس نے یہ بات بتائی۔ 2 گھنٹے کی ملاقات نئی دہلی کے وٹھل بھائی پٹیل ہاؤز میں ہوئی۔

نڈا نے کہا کہ وزرا نے سی جے پی کے مطالبات کی سماعت کی اور کہا کہ ہم پھر ملیں گے۔ اگلی ملاقات ہفتہ کے دن ہوگی۔ سورو داس نے میٹنگ کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ہم نے مرکزی وزرا سے کہہ دیا کہ دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے ہمارے مطالبہ پر کوئی بات نہیں ہوگی‘ یعنی انہیں جانا ہی ہوگا۔

سورو داس کے ساتھ سی جے پی کے ایک اور ترجمان آشوتوش رانکا‘ مرکزی وزرا سے ملاقات کے دوران موجود تھے۔ سوروداس نے کہا کہ سی جے پی کایہ بھی مطالبہ ہے کہ مظاہرین کے خلاف جو ایف آئی آر درج ہوئی ہیں انہیں واپس لیا جائے۔ سی جے پی اور حکومت کے بیچ یہ تیسری میٹنگ تھی۔

نڈا نے 20 جولائی کو اپنے سرکاری بنگلہ میں سوروداس اور آشوتوش رانکا کے ساتھ پے درپے 2 میٹنگس کی تھیں۔ اُس دن ہزاروں طلبا نے سنسد کی طرف مارچ کیا تھا۔ پولیس نے انہیں روکنے کے لئے لاٹھی چارج کیا تھا اور آنسوگیس شل برسائے تھے۔ کئی لوگ زخمی ہوئے تھے۔

سی جے پی نے قبل ازیں کہہ دیا تھا کہ وہ بات چیت کے لئے جگت پرکاش نڈا کے بنگلہ یا دفترنہیں آئے گی۔ اس نے کہا تھا کہ بات چیت کسی نیوٹرل جگہ پر ہونی چاہئے۔