عالمی نظام صحت اورعلاقائی ہیلت سسٹم کو ہم آہنگ کرنا ضروری: پوار
مرکزی مملکتی وزیر صحت بھارتی پراوین پوار نے کہا ہے کہ کوویڈ جیسی وبائی بیماری کے دوران ہندوستان کے مناسب اقدامات کے نتیجہ میں کئی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ ادویات سازی کے شعبہ میں ہونے والی ترقی کے ساتھ طبی خدمات کے نفاذ کو مضبوط کیا جانا چاہیے۔

حیدرآباد: مرکزی مملکتی وزیر صحت بھارتی پراوین پوار نے کہا ہے کہ کوویڈ جیسی وبائی بیماری کے دوران ہندوستان کے مناسب اقدامات کے نتیجہ میں کئی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ ادویات سازی کے شعبہ میں ہونے والی ترقی کے ساتھ طبی خدمات کے نفاذ کو مضبوط کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے ایچ آئی سی سی سنٹرحیدرآباد میں جی 20 ہیلت ورکنگ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی نظام صحت اور علاقائی طبی نظام کے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہے۔قبل ازیں مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی نے واضح کیا کہ مرکزی حکومت 2030 تک ملک میں تمام کو طب اور صحت کی خدمات فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔
انہوں نے روایتی ہندوستانی طبی نظام کی وضاحت کی۔ معیاری صحت کی پالیسیوں اور پروگراموں نے ملک کو صحت کی خدمات اور طبی سیاحت کا مرکز بنا دیا ہے۔انہوں نے جی 20کے نمائندوں سے خواہش کی کہ وہ حیدرآباد میں جینوم ویلی اور دیگر تحقیقی اداروں کا دورہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ جی 20 صحت عامہ کی خدمات پر باہمی تعاون کا مناسب پلیٹ فارم ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر صحت ایس پی سنگھ باگل نے بھی خطاب کیا۔اس اجلاس میں 180 رکن ممالک، 10 مدعو ممالک کے نمائندوں اور 22 بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
قبل ازیں مرکزی وزیر کشن ریڈی نے تین روزہ ہیلت ورکنگ گروپ اجلاس کے حصہ کے طور پر منعقدہ نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پریزنٹیشن میں صحت اور خاندانی بہبود کے شعبوں میں ملک میں متعارف مختلف پروگراموں کی تفصیلات رکھی گئی۔ اس میں مختلف مرکزی تحقیقی اداروں نے اپنی مصنوعات کی نمائش کی۔وزراء نے طب کے شعبہ میں سرکاری اسکیمات کے اسٹالس کا معائنہ بھی کیا۔