مہاراشٹرا

ہوڈرنگ حادثہ: اے ٹی سی کے سبکدوش جی ایم اور ان کی اہلیہ کی لاشیں کارسے برآمد

ایر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کے سبکدوش جنرل مینجر اور ان کی اہلیہ کی کی لاشیں کار سے برآمد ہونے کے بعد ممبئی میں گھاٹکوپر ہورڈنگ حادثہ کے مہلوکین کی تعداد16ہوگئی۔

ممبئی: ایر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کے سبکدوش جنرل مینجر اور ان کی اہلیہ کی کی لاشیں کار سے برآمد ہونے کے بعد ممبئی میں گھاٹکوپر ہورڈنگ حادثہ کے مہلوکین کی تعداد16ہوگئی۔

نصف شب کے بعد مرد و خاتون کی لاشیں کار سے نکالی گئیں جو ہورڈنگ کے نیچے پھنسی ہوئی تھی۔ ان کی شناخت اے ٹی سی ممبئی کے سابق جی ایم منوج چنسوریا (60) اور ان کی اہلیہ انیتا چنسوریا(59) کی حیثیت سے کی گئی۔

بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) ایک عہدیدار نے کہا کہ لاشوں کو جو ”مسخ شدہ حالت“ میں تھیں رات1بجے قریبی بلدی راجہ واڑی ہاسپٹل لے جایا گیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے عہدیدار نے کہا کہ ہورڈنگ حادثہ کے مقام پر تلاشی اور بچاؤ کی مہم ہنوز جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جائے حادثہ پر مزیدلاشیں ہونے کے امکان کو خارج نہیں کرسکتے۔“ منوج اور انیتا پیر کی شام سے ہی لاپتا ہوگئے جب وہ اپنی سرخ رنگ کی ٹاٹا کار میں مغربی ممبئی کے اے ٹی سی گیسٹ ہاؤس سے مدھیہ پردیش کے جبل پور کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

منگل کی رات ان کے موبائل فون کا محل وقوع پٹرول پمپ کے قریب تھا جس پر ہورڈنگ گرا تھا۔ این ڈی آر ایف کے عہدیدار نے قبل ازیں پی ٹی آئی کو بتایا تھا کہ بچاؤ ٹیم نے اسی رات ہورڈنگ کے پانچ گرڈرس میں درمیانی اصل گرڈر کے نیچے پھنسی کار میں دو لاشیں دیکھی تھیں۔

بچاؤ ٹیم رینگ کر کار تک پہنچی مگر گرڈر ہٹانے تک لاشوں کو نکالنے کا کوئی طریقہ نہیں تھا۔ بعد ازاں تلاشی اور بچاؤ ٹیموں نے ایک دوسرے سے مربوط گرڈرس کو یکے بعد دیگرے کاٹنے گیس کٹرس اور دیگر مشینری کا استعمال کیا اور چہارشنبہ کو نصف شب کے قریب کار سے اس جوڑے کی لاشیں نکالیں۔

یہ معلوم ہونے کے بعد منوج کا آخری موبائیل لوکیشن چھیڑا نگر پٹرول پمپ پر تھا، ارکان خاندان‘ جوڑے کے ملبے میں پھنسے ہونے کے اندیشے سے وہیں مقیم رہے۔