سوشیل میڈیامہاراشٹرا

ممبئی میں انسانیت شرمسار: دیور کا اپنی ہی بھابی پر وحشیانہ تشدد، ویڈیو وائرل

ویڈیو کے پہلے حصے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم (دیور) اپنی بھابی پر مکوں اور لاتوں کی بارش کر رہا ہے۔ اس دوران جب ایک خاتون نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو گھر کے دیگر افراد نے اسے دھکا دے کر پیچھے کر دیا۔

ممبئی (بوریولی): ممبئی کے علاقے بوریولی سے ایک انتہائی لرزہ خیز ویڈیو سامنے آئی ہے جس نے دیکھنے والوں کے رونگٹے کھڑے کردئے ہیں۔ راجندر نگر میں ایک شخص نے اپنی ہی بھابی کو بے رحمی سے مارا پیٹا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو دو حصوں پر مشتمل ہے:

ویڈیو کے پہلے حصے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم (دیور) اپنی بھابی پر مکوں اور لاتوں کی بارش کر رہا ہے۔ اس دوران جب ایک خاتون نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو گھر کے دیگر افراد نے اسے دھکا دے کر پیچھے کر دیا۔

دوسرے حصے میں وہی شخص عورت کو گھر سے باہر کھلے عام تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔ متاثرہ خاتون خاموشی سے یہ سب سہتی رہی۔ جب وہ کیمرے کے قریب آئی تو اس کا چہرہ خون سے لت پت تھا اور کپڑوں پر بھی خون کے گہرے دھبے واضح تھے۔

ویڈیو بنانے والی خاتون (جو غالباً متاثرہ کی بہن ہے) کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ اب اس معاملے کو پولیس کے پاس لے جانا چاہئے، تاکہ ظالم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

اسی طرح کا ایک اور واقعہ نالا سوپارہ (وسئی ویرار) سے بھی سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے الزام لگایا ہے کہ اس کے سسرالی رشتہ داروں نے ‘شانتی لائف’ عمارت میں اسے سرِ عام تشدد کا نشانہ بنایا۔

خاتون کا دعویٰ ہے کہ اسے گزشتہ 13 سالوں سے جہیز کے لیے ہراساں کیا جا رہا ہے۔

یہ واقعہ سی سی ٹی وی (CCTV) میں قید ہو گیا ہے، جس کے بعد علاقہ کے لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔