میں کانگریس صدر کا الیکشن لڑ رہا ہوں:اشوک گہلوت
جئے پور سے آئی اے این ایس کے بموجب راہول گاندھی سے کیرالا میں ملاقات کے بعد چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلو ت نے جمعہ کے دن کہا کہ وہ کانگریس صدر کے عہدہ کے لئے اپنی نامزدگی داخل کریں گے۔
نئی دہلی: سینئر کانگریس قائد اور چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ انہوں نے پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی کو منانے کی پوری کوشش کی ہے لیکن وہ الیکشن لڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں اس لیے اب یہ طے ہے کہ انہیں اب صدر کے عہدہ کے لیے الیکشن لڑنا پڑے گا۔
گہلوت نے ٹویٹ کیاکہ یہ طے ہے کہ مجھے صدر کے عہدہ کے لیے مقابلہ کرنا ہے۔ میں دیکھ رہا ہوں یہ پارٹی کی داخلی جمہوریت کا معاملہ ہے ہم سب کو مل کر ایک نئی شروعات کرنی چاہیے اور میں امید کرتا ہوں کہ ملک کے حالات کے لیے اپوزیشن کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے، ہم اس کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
جئے پور سے آئی اے این ایس کے بموجب راہول گاندھی سے کیرالا میں ملاقات کے بعد چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلو ت نے جمعہ کے دن کہا کہ وہ کانگریس صدر کے عہدہ کے لئے اپنی نامزدگی داخل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ راجستھان میں چیف منسٹر کون ہوگا یہ فیصلہ سونیا گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری انچارج اجئے ماکن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں راہول گاندھی نے واضح کردیا کہ اِس بار غیرگاندھی صدر بنے گا۔ یہ قطعی فیصلہ ہے۔ گاندھی خاندان سے صدر نہیں بنے گا۔
اشوک گہلوت نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ میں نے راہول گاندھی سے پھر ایک بار گزارش کی۔ ملک بھر میں پارٹی کے ریاستی یونٹس قراردادیں منظور کررہے ہیں کہ راہول گاندھی پھر سے پارٹی کی کمان سنبھال لیں۔
میں نے بڑی کوشش کی لیکن راہول گاندھی نے کہا کہ ہم نے طئے کرلیا ہے کہ اِس بار گاندھی خاندان کا کوئی بھی فرد پارٹی صدر نہیں بنے گا۔ چیف منسٹری چھوڑنے کے بارے میں پوچھنے پر اشوک گہلوت نے کہا کہ آج تک جو شخص بھی کانگریس کا صدر بنا ہے وہ چیف منسٹر نہیں رہا۔ مجھے موقع ملا تو میں صرف کانگریس صدر کی حیثیت سے کام کروں گا۔