دہلی ہائی کورٹ میں کویتا کی درخواست ضمانت، ای ڈی کو نوٹس
راوس ایونیو عدالت کی خصوصی جج کا ویری باویجا نے جرم کی سنگینی اور الزامات کی نوعیت کا حوالہ دیتے ہوئے بی آر ایس قائد کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز بی آر ایس ایم ایل سی کے کویتا جو شراب پالیسی اسکام سے مربوط منی لانڈرنگ کیس کی ملزم ہیں، کی درخواست ضمانت پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کو نوٹس جاری کی ہے۔
6مئی کو خصوصی عدالت میں باقاعدہ ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کئے جانے کے بعدکویتا دہلی ہائی کورٹ سے رجوع ہوئی ہیں۔ ان کے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی دونوں ایجنسیاں تحقیقات کررہی ہیں۔راوس ایونیو عدالت کی خصوصی جج کا ویری باویجا نے جرم کی سنگینی اور الزامات کی نوعیت کا حوالہ دیتے ہوئے بی آر ایس قائد کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔
کویتا، ای ڈی کیس میں 20، مئی تک عدالتی تحویل میں رہیں گی جبکہ سی بی آئی کیس میں انہیں 14مئی تک عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ دہلی ہائی کورٹ نے ملزمہ کی درخواست ضمانت پر ای ڈی کو جواب داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے معاملہ کی اگلی سماعت24 مئی تک ملتوی کردی۔