راہول گاندھی کی بہار میں دشرت مانجھی کی فیملی سے ملاقات (ویڈیو)
کانگریس قائد راہول گاندھی نے جمعہ کے دن ضلع گیا کے موضع دشرت نگر کا دورہ کیا۔ وہ بہار اسمبلی الیکشن سے قبل عوام تک پہنچ رہے ہیں۔

پٹنہ (آئی اے این ایس) کانگریس قائد راہول گاندھی نے جمعہ کے دن ضلع گیا کے موضع دشرت نگر کا دورہ کیا۔ وہ بہار اسمبلی الیکشن سے قبل عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
اپنے دورہ میں انہوں نے ماؤنٹین میان کہلانے والے آنجہانی دشرت مانجھی کے گھر والوں سے ملاقات کی۔ دشرت مانجھی نے ضلع گیا میں موضع گہلور کو وزیر گنج بلاک سے جوڑنے کے لئے ایک پہاڑ کو تنہا کاٹ کر راستہ بنایا تھا۔
دشرت مانجھی کے بیٹے بھگیرت مانجھی نے راہول گاندھی کا روایتی انداز میں گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔ راہول گاندھی نے مانجھی پریوار کے ساتھ بیٹھ کر ناریل پانی پیا اور ان کے مسائل بشمول مالی مشکلات کی سماعت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھگیرت مانجھی نے حلقہ بودھ گیا سے بہار اسمبلی الیکشن لڑنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ راہول گاندھی‘ دشرت نگر سے موضع گہلور پہنچے جہاں انہوں نے دشرت مانجھی کے مجسمہ پر پھول چڑھائے۔ ان کے ساتھ بھگیرت مانجھی موجود تھے۔
بعدازاں وہ راج گیر روانہ ہوگئے۔ سال 2025 میں یہ راہول گاندھی کا چھٹواں دورہ ئ بہار ہے جس سے اشارہ ملتا ہے کہ وہ گرام پنچایت کی سطح پر کانگریس کو مستحکم کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ وہ درکنار برادریوں سے کانگریس کو جوڑنے کی کوشش میں ہیں تاکہ ریاست میں پارٹی کو اس کی کھوئی ہوئی بنیاد پھر سے حاصل ہوجائے۔