متھن چکرورتی کو داداصاحب پھالکے ایوارڈ دیا جائے گا
سینئر اداکار متھن چکرورتی کو داداصاحب پھالکے ایوارڈ دیا جانے کا آج اعلان ہوا۔ یہ سنیما کے شعبہ میں اعلیٰ ترین سرکاری ایوارڈ ہے۔ چند ماہ قبل متھن چکرورتی کو ملک کا تیسرا اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ پدم بھوشن دیا گیا تھا۔
نئی دہلی: سینئر اداکار متھن چکرورتی کو داداصاحب پھالکے ایوارڈ دیا جانے کا آج اعلان ہوا۔ یہ سنیما کے شعبہ میں اعلیٰ ترین سرکاری ایوارڈ ہے۔ چند ماہ قبل متھن چکرورتی کو ملک کا تیسرا اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ پدم بھوشن دیا گیا تھا۔
مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے ایکس پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متھن دا (متھن بھائی) کا سنیما کا شاندار سفر نسلوں کو حوصلہ دیتا ہے۔ داداصاحب پھالکے سلکشن جیوری نے افسانوی اداکار متھن چکرورتی کو ہندوستانی سنیما کے لئے ان کی نمایاں خدمات پر ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ ایوارڈ 8 اکتوبر کو 70 ویں نیشنل فلم ایوارڈس تقریب میں دیا جائے گا۔ داداصاحب پھالکے ایوارڈ یافتہ آشا پاریکھ‘ اداکارہ سے سیاستداں بنی خوشبو سندر اور فلمساز امرت لال شاہ پر مشتمل سہ رکنی جیوری نے متھن چکرورتی کو باوقار ایوارڈ کے لئے منتخب کیا۔ 74 سالہ اداکار بے حد خوش ہیں۔ ان کے بیٹے نماشی چکرورتی نے یہ بات بتائی۔
بیٹے نے کہا کہ میرے والد اپنے بل بوتے پر سوپر اسٹار بننے والے عظیم انسان ہیں۔ اس ایوارڈ کا دیرینہ انتظار تھا۔ متھن چکرورتی کا اصل نام گورنگ چکرورتی ہے۔ وہ ایف ٹی آئی آئی) (فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا) پونے کے تربیت یافتہ ہیں۔
وہ 1982 کی سوپر ہٹ فلم ڈسکو ڈانسر سے اپنے مخصوص انداز رقص سے مشہور ہوئے تھے۔ وہ 2021 میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔