قومی

میڈیا کی بے تکی رپورٹنگ پر سپریم کورٹ برہم

چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت نے جمعہ کے دن ان میڈیا اطلاعات کو ’بے تکی‘ قراردے کر خارج کردیا کہ انہوں نے اس درخواست کی سماعت سے انکار کردیا تھا جس میں طلبا کے خلاف پولیس کی 20 جولائی کی کارروائی کو چیلنج کیا گیا تھا۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت نے جمعہ کے دن ان میڈیا اطلاعات کو ’بے تکی‘ قراردے کر خارج کردیا کہ انہوں نے اس درخواست کی سماعت سے انکار کردیا تھا جس میں طلبا کے خلاف پولیس کی 20 جولائی کی کارروائی کو چیلنج کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی درخواست داخل ہی نہیں ہوئی‘ صرف زبانی نمائندگی ہوئی تھی جسے میں رِٹ درخواست کیسے مان سکتا ہوں؟۔ میڈیا والے بے تکی رپورٹنگ کررہے ہیں۔

آئی اے این ایس کے بموجب چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت نے جمعہ کے دن میڈیا کی ان خبروں کی تردید کردی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے حالیہ سنسد چلو مارچ کے دوران طلبا احتجاجیوں کے خلاف پولیس کی مبینہ کارروائی سے متعلق ایک درخواست کی سماعت سے انکار کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ایسی کوئی درخواست داخل ہی نہیں ہوئی‘ صرف ایک مکتوب ِ نمائندگی داخل ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا پوری طرح غلط ہے کہ سپریم کورٹ نے معاملہ کی سماعت سے انکار کردیا۔

میڈیا ساری ذمہ داریوں سے آزاد ہوکر جھوٹی رپورٹنگ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وضاحت سے قبل سپریم کورٹ رجسٹری کی اچھی طرح جانچ کی ہے۔ مشرا نامی کسی شخص نے زبانی نمائندگی کی تھی۔