جنوبی بھارت

روڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر وزیراعظم مودی کے خلاف پولیس میں شکایت

واضح رہے کہ پی ایم مودی روایتی مقامی لباس میں ملبوس کیرالہ کے دو روزہ دورے پر پیر کی شام کوچی پہنچے۔ انہوں نے اس وقت سب کو حیران کر دیا جب وہ روڈ شو کرتے ہوئے سڑک پر نکل آئے۔

ایرناکولم: کوچی کے ایرناکولم میں وزیراعظم نریندر مودی کے روڈ شو کے بعد تھریسور کے ایک شخص نے مودی کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔ شکایت کنندہ جے کرشنن نے الزام لگایا ہے کہ پی ایم مودی نے گاڑی کے کھلے دروازے میں لٹکتے ہوئے روڈ شو کیا اور اس طرح کرنا روڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

شکایت میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ کار کا شیشہ پھولوں سے ڈھکا ہوا تھا جس سے ڈرائیور باہر کا نظارہ اچھی طرح دیکھنے سے قاصر تھا۔ شکایت کنندہ نے سماج کو اس بات کا پیغام پہنچانے کے لئے اقدامات کا بھی مطالبہ کیا کہ ہر ایک کو قانون کی پابندی کرنی چاہیے خواہ وہ ملک کا وزیراعظم ہی کیوں نہ ہو۔

یہ شکایت پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کے پاس اور موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ میں درج کرائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پی ایم مودی روایتی مقامی لباس میں ملبوس کیرالہ کے دو روزہ دورے پر پیر کی شام کوچی پہنچے۔ انہوں نے اس وقت سب کو حیران کر دیا جب وہ روڈ شو کرتے ہوئے سڑک پر نکل آئے۔

ان سے توقع تھی کہ وہ اصل شیڈول کے مطابق اپنی سرکاری گاڑی میں سفر کریں گے۔ تاہم لوگ اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے روڈ شو میں پیدل بھی حصہ لیا۔

وہ اپنی کار میں سوار ہونے سے پہلے 20 منٹ تک روڈ پر چلتے رہے اور اس کے بعد کار کے فٹ بورڈ پر کھڑے ہوگئے۔ اس کے بعد وہ اپنی سیٹ پر بیٹھے اور تھوڑی دیر بعد اپنا دھڑ دروازے سے باہر نکال کر لوگوں کے استقبال کا جواب دینے لگے۔

بتادیں کہ اس طرح گاڑی میں سفر کرنا آر ٹی او قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے اور تریسور کے ایک شخص نے وزیراعظم کی اسی حرکت پر ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ کیرالہ میں وزیر اعظم کا یہ پہلا روڈ شو تھا۔