فالٹا میں دوبارہ پولنگ کی تیاریاں مکمل
مغربی بنگال کے فالٹا اسمبلی حلقہ میں جمعرات کو ہونے والی دوبارہ رائے دہی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے چہارشنبہ کے دن یہ اطلاع دی۔
کولکتہ: مغربی بنگال کے فالٹا اسمبلی حلقہ میں جمعرات کو ہونے والی دوبارہ رائے دہی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے چہارشنبہ کے دن یہ اطلاع دی۔
کمیشن نے بتایا کہ پولنگ سے پہلے تمام پولنگ عملہ کی تعیناتی اور انتخابی سامان کی تقسیم کا عمل فالٹا میں واقع ڈسپرسل سنٹر سے خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے۔ پولنگ پارٹیوں کو وقت پر بوتھوں کی طرف روانہ کیا جا رہا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے عمل کو پرامن‘ منصفانہ اور منظم طریقہ سے مکمل کرانے کے لیے وسیع سیکوریٹی اور نگرانی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ پورے علاقے میں صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
کمیشن نے کہا کہ دوبارہ رائے دہی کو پوری شفافیت اور غیر جانبداری کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ فالٹا میں 23 اپریل کی پولنگ کے بعد الیکشن کمیشن کو کچھ پولنگ مراکز پر بے ضابطگیوں کی شکایتیں ملی تھیں۔
اسی وجہ سے کمیشن نے اس نشست پر دوبارہ رائے دہی کا اعلان کیا تھا۔ فالٹا میں دوبارہ ہونے والی یہ پولنگ اس لیے بھی دلچسپ ہو گئی ہے کیونکہ ترنمول کانگریس کے امیدوار جہانگیر خان نے انتخاب سے اپنا نام واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔