جائیداد کے لیے بہن نے بھائی کا اغوا کروایا
تروپور پولیس نے رئیل اسٹیٹ تاجر اور فلموں کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر کے مبینہ اغوا اور اذیت رسانی کے لیے ایک ٹولی کو گرفتار کیا۔

بنگلورو: تروپور پولیس نے رئیل اسٹیٹ تاجر اور فلموں کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر کے مبینہ اغوا اور اذیت رسانی کے لیے ایک ٹولی کو گرفتار کیا۔
تروپور کے 52سالہ شیوکمار کے والد پونوسوامی کی موت کے بعد ٹامل ناڈو کے کوئمبتور اور تروپور میں کافی اراضی اسے ورثے میں ملی۔ اس کی بہن امبیکا(48) نے تھوڑی جائیداد اس کے نام کرنے کی درخواست کی مگر شیوکمار نے انکار کردیا جس سے دونوں خاندانوں میں دشمنی پیدا ہوگئی۔
تروپور پولیس کے مطابق امبیکا، اس کے شوہر ویلوسامی اور اس کے بیٹے گوکل نے ایک ٹولی کے ساتھ چند دن قبل شیوکمار کا اغوا کیا۔
اسے کسی ویران مقام پر لے جاکر کچھ جائیداد امبیکا کے نام پر منتقل کرنے کو کہا مگر اس نے پھر انکار کردیا جس پر امبیکا اور اس کے شوہر کے آدمیو ں نے اسے الٹا لٹکاکر بے رحمی سے پیٹا۔
اذیت رسانی ناقابل برداشت ہونے پر شیوکمار نے جائیداد کی دستاویزات پر دستخط کردیے۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ دیڑھ لاکھ روپئے کی رقم اور زیورات بھی اس سے چھین لیے گئے۔
پھر اسے شراب پلائی گئی اور وہ بے ہوش ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہوش آنے پر اس نے خود کو بنگلورو کے پاگل خانے میں پایا۔