Who is Yakub Habeebuddin Tucy ،”کیا واقعی یعقوب توسی مغل بادشاہ کا وارث ہے؟ اورنگزیب کے مزار کا معابلہ یو این پہنچ گیا!”
توسی نے اپنے خط میں نشاندہی کی کہ اورنگزیب کا مزار "Ancient Monuments and Archaeological Sites and Remains Act, 1958" کے تحت محفوظ شدہ قومی ورثہ ہے، اور اسے 'قومی اہمیت کی یادگار' قرار دیا جا چکا ہے۔

مہاراشٹرا، چھترپتی سمبھاجی نگر:یعقوب حبیب الدین توسی، جو خود کو مغل بادشاہ اورنگزیب عالمگیر کا وارث اور ان کے مزار کی وقف جائیداد کا متولی قرار دیتے ہیں، نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھ کر مداخلت کی درخواست کی ہے تاکہ اورنگزیب کے تاریخی مزار کو ممکنہ خطرات سے بچایا جا سکے۔ یہ مزار حالیہ دنوں میں تنازع کا مرکز بن گیا ہے، جب ناگپور میں بجرنگ دل کی ریلی کے دوران مزار کے خلاف احتجاج ہوا۔
احتجاج کے دوران حالات بگڑ گئے اور پتھراؤ، توڑ پھوڑ اور آگ زنی جیسے پرتشدد واقعات پیش آئے، جس کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس نے کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا اور اب تک 69 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
توسی نے اپنے خط میں نشاندہی کی کہ اورنگزیب کا مزار "Ancient Monuments and Archaeological Sites and Remains Act, 1958” کے تحت محفوظ شدہ قومی ورثہ ہے، اور اسے ‘قومی اہمیت کی یادگار’ قرار دیا جا چکا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ قانون کے تحت اس مزار کے اردگرد کسی بھی غیر قانونی تعمیر، تبدیلی، یا کھدائی کی اجازت نہیں، اور ایسا کوئی بھی عمل قابلِ سزا جرم ہے۔
انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ بھارت پر زور دے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور عالمی ثقافتی ورثے کی حفاظت کے لیے 1972 کے یونیسکو کنونشن کی پاسداری کرے۔
توسی نے کہا کہ تاریخی حقائق کی غلط تشریح کے باعث عوامی اشتعال پیدا ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں مزار کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے وہاں سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ اس اہم ثقافتی مقام کی حفاظت کی جا سکے۔
ادھر مہاراشٹرا حکومت نے یقین دہانی کروائی ہے کہ تشدد میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔