مشرق وسطیٰ

حج کے ایام میں مشاعر مقدسہ کادرجہ حرارت47ڈگری تک ہوگا

سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کے سربراہ ڈاکٹر ایمن غلام کا کہنا ہے کہ حج کے ایام میں مشاعر مقدسہ میں دن کے وقت درجہ حرارت 40 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کے سربراہ ڈاکٹر ایمن غلام کا کہنا ہے کہ حج کے ایام میں مشاعر مقدسہ میں دن کے وقت درجہ حرارت 40 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کے سربراہ ڈاکٹر ایمن غلام کا کہنا تھا کہ رات کے وقت درجہ حرارت 27 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔اُنہوں نے کہا کہ موسمیاتی معلومات 24 گھنٹے فراہم کی جاتی رہیں گی تاکہ عازمین حج کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

عازمین حج کی سہولت کے لئے منیٰ میں مختلف مقامات پر پانی کی پھوار کے نوزلز نصب کئے گئے ہیں جو فضا میں نمی پیدا کرکے موسم کو خوشگوار بنانے اور عازمین پر گرمی کا اثر کم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق یہ طریقہ درجہ حرارت کو 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ بڑی تعداد میں پانی کی پھوار والے پنکھوں کا انتظام کیا گیا ہے جو گرمی، تھکن اور لو میں موثر ہیں۔گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملک کے 11 ریجن گرمی کی لہر کی زد میں ہیں جہاں گرد و غبار اور بعض میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ مدینہ منورہ کے علاوہ الحناکیہ، ینبع، المہد اور خیبر میں بھی گرمی کی لہر کے ساتھ گرد وغبار رہے گا جہاں بعض علاقوں میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔محکمے کا ریاض اور مشرقی ریجن کے حوالے سے کہنا تھا کہ ریاض شہر کے علاوہ الدعیہ، الزلفی، الغاط اور مشرقی ریجن میں دمام، الخبر اور الجبیل میں گرد آلود ہوا چلے گی جبکہ سمندر میں اونچی موجیں اٹھیں اٹھیں گی۔‘جازان، عسیر اور نجران میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔