سابق گورنر ستیہ پال ملک سے پوچھ تاچھ کے لیے سی بی آئی کا سمن
جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے خلاف سی بی آئی نے سمن جاری کیا ہے، تاکہ ریلائنس جنرل انشورنس کی جانب سے مبینہ کرپشن کے کیس میں ان سے بحیثیت ِ گواہ 28 اپریل کو پوچھ تاچھ کی جاسکے۔

نئی دہلی: جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے خلاف سی بی آئی نے سمن جاری کیا ہے، تاکہ ریلائنس جنرل انشورنس کی جانب سے مبینہ کرپشن کے کیس میں ان سے بحیثیت ِ گواہ 28 اپریل کو پوچھ تاچھ کی جاسکے۔
ملک نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایاکہ سی بی آئی نے ان سے خواہش کی ہے کہ وہ چند وضاعتوں کے لیے مرکزی دہلی میں ایجنسی کے اکبر روڈ گیسٹ ہاؤز پر حاضر ہوں۔
ملک نے بتایا کہ وہ لوگ چند وضاحتیں چاہتے ہیں اور اس ضمن میں میری موجودگی چاہتے ہیں۔ میں راجستھان جارہا ہوں، اسی لیے میں نے انھیں 27 تا 29 اپریل کی تواریخ دی ہیں جب میں دستیاب رہوں گا۔
ملک نے 2018ء میں جب وہ جموں و کشمیر کے گورنر تھے، صنعتکار انیل امبانی کی ملکیت ایک کمپنی کے کنٹراکٹ کو منسوخ کردیا تھا۔
ایف آئی آر میں سی بی آئی نے ریلائنس جنرل انشورنس اور ٹرینٹی ری انشورنس بروکرس کو جموں و کشمیر کے سرکاری ملازمین اور ان کے خاندانوں کے لیے میڈیکل انشورنس اسکیم سے متعلق مبینہ اسکام میں ملزم بنایا تھا۔ ملک نے انشورنس اسکیم میں فراڈ کی نشاندہی کی تھی، جس کے بعد سی بی آئی نے یہ کارروائی کی ہے۔