دہلی

شردھا قتل: آفتاب کو لے جانے والی پولیس وین پر حملہ

قومی دارالحکومت کے روہنی علاقے میں نامعلوم افراد نے ہائی پروفائل شردھا واکر کے قتل کے ملزم آفتاب پونا والا کو لے جانے والی پولیس وین پر حملہ کر دیا جہاں اسے پولی گراف ٹیسٹ کے لیے لے جایا جارہا تھا۔

نئی دہلی: قومی دارالحکومت کے روہنی علاقے میں نامعلوم افراد نے ہائی پروفائل شردھا واکر کے قتل کے ملزم آفتاب پونا والا کو لے جانے والی پولیس وین پر حملہ کر دیا جہاں اسے پولی گراف ٹیسٹ کے لیے لے جایا جارہا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ دہلی کے روہنی علاقے میں فرانزک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کے باہر مبینہ طور پر کچھ حملہ آوروں نے تلواروں سے لیس ہو کر پولیس وین پر حملہ کر دیا جس میں آفتاب کو پولی گراف ٹیسٹ کے لیے لے جایا جارہا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے حملہ آوروں میں سے کچھ کو حراست میں لے لیا ہے اور تلواریں بھی برآمد کر لی ہیں۔

پولیس نے کہا کہ آفتاب نے مبینہ طور پر اپنی لیو ان پارٹنر شردھا کو قتل کرکے 35 ٹکڑا کردیا تھا اوران ٹکڑوں کو دہلی کے مختلف مقامات پر پھینک دیا تھا۔ پولیس نے آفتاب کو دہلی سے گرفتار کیا تھا۔

8 نومبر کو ممبئی کے مانک پور پولیس اسٹیشن کے عملے نے دہلی کے مہرولی پولیس اسٹیشن کو ایک خاتون کی گمشدگی کی رپورٹ دی تھی۔ مذکورہ لاپتہ خاتون چھتر پور پہاڑی علاقے میں آفتاب کے ساتھ رہتی تھی اور علاقے سے لاپتہ ہوگئی تھی۔

پولیس نے کہا کہ اسی وجہ سے 9 نومبر کو مہرولی پولیس اسٹیشن میں خاتون کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔