دہلی

مجھے پھانسی چڑھادیں لیکن ریسلنگ بند نہ ہونے دیں: برج بھوشن شرن سنگھ

ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیوایف آئی) کے صدربرج بھوشن شرن سنگھ نے پیرکے روز کہاکہ ملک کے سرکردہ ریسلرس کے احتجاج کی وجہ سے گذشتہ 4ماہ سے اس کھیل سے متعلق تمام سرگرمیاں تھم گئی ہیں۔

نئی دہلی: ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیوایف آئی) کے صدربرج بھوشن شرن سنگھ نے پیرکے روز کہاکہ ملک کے سرکردہ ریسلرس کے احتجاج کی وجہ سے گذشتہ 4ماہ سے اس کھیل سے متعلق تمام سرگرمیاں تھم گئی ہیں۔

ڈبلیوایف آئی کے صدرنے مزید کہاکہ وہ پھانسی چڑھنے تیارہیں لیکن ریسلنگ سرگرمیاں بشمول قومی چمپئن شپ اورکیمپوں کورکنانہیں چاہئے کیونکہ یہ چیزکیڈٹ اور جونیر ریسلرس کیلئے نقصان دہ ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ بچوں کے مستقبل سے کھلواڑ نہ کریں۔ کیڈٹ نیشنلس ہونے دیں، چاہے کوئی بھی اس کا اہتمام کرے چاہے وہ مہاراشٹر اہویا ٹاملناڈو یا تریپورہ لیکن ریسلنگ سرگرمیاں بند نہ ہونے دیں۔ برج بھوشن نے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مجھے پھانسی چڑھادیں لیکن ریسلنگ سرگرمیاں بند نہ ہونے دیں۔

یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگاکہ سرکردہ ہندوستانی پہلوان بشمول بجرنگ پونیا،ساکشی ملک اوردنیش پھوگاٹ سمیت دیگرکئی ریسلرس قومی دارالحکومت میں جنترمنتر پر احتجاج کررہے ہیں۔ ان کامطالبہ ہے کہ برج بھوشن کے خلاف کاروائی کی جائے جنہوں نے خاتون ریسلرس کوجنسی ہراسانی کی ہے۔

بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے خلاف دوایف آئی آربھی درج کرلی گئی ہیں۔ پہلی ایک کمسن کی جانب سے عائد کئے گئے الزامات سے متعلق ہے جوپوکسوقانون کے تحت درج کی گئی ہے۔ تعزیرات ہندکے تحت بھی متعلقہ دفعات عائد کی گئی ہیں۔ دوسری ایف آئی آردست درازی سے متعلق تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت درج کی گئی ہے۔