ملائم سنگھ یادو سمیت 53 شخصیتوں کو پدماایوارڈس
بزرگ سماج وادی قائد اور سابق چیف منسٹر اترپردیش آنجہانی ملائم سنگھ یادو کے علاوہ میڈیکل پروفیشنل دلیپ مہالانابیس اور دیگر کو آج صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے پدماوبھوشن ایوارڈ عطا کیا۔
نئی دہلی: بزرگ سماج وادی قائد اور سابق چیف منسٹر اترپردیش آنجہانی ملائم سنگھ یادو کے علاوہ میڈیکل پروفیشنل دلیپ مہالانابیس اور دیگر کو آج صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے پدماوبھوشن ایوارڈ عطا کیا۔
راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں مصنفہ اور مخیر شخصیت سدھامورتی، ماہر طبعیات دیپک دھر، ناول نگار ایس ایل بھیرپا اور ویدک اسکالر ٹی چنا جییار سوامی جی کو پدمابھوشن ایوارڈس دیئے گئے۔
ملائم سنگھ یادو کو جو ہندوستان کے وزیر دفاع اور قدیم پارلیمنٹرین بھی تھے‘کے علاوہ مہالانابیس کو جو 1971 میں بنگلہ دیش جنگی پناہ گزینوں کیمپ میں خدمات انجام دینے امریکہ سے واپس لوٹ آئے تھے، یہ ایوارڈ بعدازمرگ دیا گیا۔
یادو کے لڑکے اور سابق چیف منسٹراترپردیش اکھلیش یادو نے ان کی جانب سے یہ ایوارڈ حاصل کیا جبکہ مہالانابیس کے بھتیجہ نے ان کی طرف سے یہ ایوارڈ حاصل کیا۔ موسیقار ایم ایم کیراونی کو جنہوں نے فلم ”RRR“ کے گیت ”نا تو ناتو“ کے لئے ہندوستان کا پہلا آسکرایوارڈ حاصل کیا اور بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن کو پدماشری ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس تقریب میں نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکر، وزیراعظم نریندرمودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، بی جے پی صدر جے پی نڈا اور دیگر کئی وزراء اور مہمان شریک تھے۔ چہارشنبہ کے روز جملہ 53 افراد کو ایوارڈس عطا کئے گئے۔ ان میں 3 پدماویبھوشن، 5 پدمابھوشن اور 45 پدماشری ایوارڈ شامل ہیں۔