موربی پل سانحہ کے متاثرہ خاندانوں کو فی خاندان 10 لاکھ روپئے معاوضہ، ہائی کورٹ کا حکم
گجرات ہائی کورٹ نے آج اوریوا گروپ منیجنگ ڈائرکٹر جئے سکھ پٹیل کو حکم دیا کہ 30 اکتوبر کو موربی پل انہدام کیس میں ہلاک 135 افراد کے خاندانوں کو فی خاندان 10 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرے۔
احمد آباد: گجرات ہائی کورٹ نے آج اوریوا گروپ منیجنگ ڈائرکٹر جئے سکھ پٹیل کو حکم دیا کہ 30 اکتوبر کو موربی پل انہدام کیس میں ہلاک 135 افراد کے خاندانوں کو فی خاندان 10 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرے۔
عدالت نے پل انہدام کیس میں اپنے طور پر کارروائی کرتے ہوئے یہ حکم جاری کیا۔ منگل کے دن اوریوا گروپ نے مہلوکین کے خاندانوں کو فی خاندان 3 لاکھ روپئے معاوضہ کی پیشکش کی تھی۔
اس پیشکش سے عدالت نے غیرمطمئن ہوکر کہا تھا کہ چہارشنبہ کے دن اس بارے میں حکم جاری کرے گی۔
قبل ازیں منعقدہ سماعتوں کے دوران عدالت نے واضح کردیا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دینے کے باوجود اوریوا گروپ منیجنگ ڈائرکٹر کو فوجداری کیس کا سامنا کرنا ہوگا۔
عدالت نے آج مذکورہ حادثہ کے زخمیوں کو فی کس 2 لاکھ روپئے معاوضہ دینے انشورنس کمپنیوں کو حکم جاری کیا۔ متاثرہ خاندانوں کوتوقع تھی کہ اپہار سنیما سانحہ کے خطوط پر انھیں بھی بہت زیادہ معاوضہ حاصل ہوگا۔