شمالی بھارت

نتیش کمار‘ ہیمنت سورین کے ساتھ اتحاد کرنے ممتا کا اعلان

چیف منسٹرمغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہا کہ وہ اور پڑوسی ریاست بہار وجھارکھنڈ میں ان کے ہم منصب‘ دیگر کئی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتحاد کریں گے تاکہ 2024ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کیاجاسکے۔

کولکتہ: چیف منسٹرمغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہا کہ وہ اور پڑوسی ریاست بہار وجھارکھنڈ میں ان کے ہم منصب‘ دیگر کئی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتحاد کریں گے تاکہ 2024ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کیاجاسکے۔

ممتابنرجی نے یہاں پارٹی کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی دعویٰ کیاکہ بی جے پی کو اپنے غرور اور عوام کی برہمی کی وجہ سے ہزیمت اٹھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا ”میں‘ نتیش کمار‘ ہیمنت سورین‘ اور دیگر کئی قائدین 2024ء میں متحد ہوجائیں گے۔

تمام اپوزیشن جماعتیں بی جے پی کو شکست دینے کیلئے ہاتھ ملائیں گی۔ ہم سب ایک طرف ہوں گے اور بی جے پی دوسری طرف۔ 300نشستوں پر بی جے پی کا غرور ہی اس کی سزا ہوگا“۔ انہوں نے کہا 2024 میں ”کھیلا ہوبے“ہوگا۔ واضح رہے کہ ترنمول کانگریس نے گذشتہ سال منعقدہ اسمبلی انتخابات کے دوران ”کھیلا ہوبے“ (کھیل جاری ہے) کے ذریعہ(بی جے پی کو) للکاراتھا۔

ان انتخابات میں پارٹی نے بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے مسلسل تیسری میعاد کیلئے اقتدار حاصل کیاتھا۔ ممتابنرجی نے دعویٰ کیاکہ بنگال پولیس نے حال ہی میں جھارکھنڈ کے ارکان اسمبلی کو ڈھیرساری رقم کے ساتھ گرفتارکیا ہے جس کی وجہ سے پڑوسی ریاست میں سودے بازی بند ہوئی اور ہیمنت سورین حکومت گرنے سے بچ گئی۔

مغربی بنگال کے ضلع ہوڑہ کے پنچلا علاقہ میں 30جولائی کو 3 کانگریس ارکان اسمبلی کی گاڑی کو روک کر تقریباً49لاکھ روپئے ضبط کئے گئے تھے اور ان تینوں کو گرفتارکرلیاگیاتھا۔ انہوں نے دعویٰ کیاتھا کہ یہ رقم ان کی ریاست میں قبائلی تہوار کے موقع پر تقسیم کی جانے والی ساڑیوں کے لئے ہے۔

کانگریس نے جو جھارکھنڈ میں جے ایم ایم زیرقیادت حکومت کا حصہ ہے، دعویٰ کیاتھا کہ بی جے پی ارکان اسمبلی کو 10‘10کروڑ روپئے اور وزارت کی پیشکش کرتے ہوئے ہیمنت سورین حکومت کو گرانے کی کوشش کررہی ہے۔

ممتابنرجی نے کہا‘ بی جے پی یہ سمجھتی ہے کہ وہ سی بی آئی اور ای ڈی کے ذریعہ ہم کو ڈراسکتی ہے۔ وہ لوگ ایسی حرکتیں جتنی زیادہ کریں گے، آئندہ سال کے پنچایت انتخابات اور 2024ء کے لوک سبھا انتخابات میں شکست کے اتنے ہی قریب آتے جائیں گے۔

a3w
a3w