تلنگانہ

ٹی آر ایس کے خلاف بی جے پی کی پوسٹرس مہم

بی جے پی نے ٹی آر ایس حکومت کی جھوٹ، دھوکہ اور اقربا پروری کا پردہ فاش کرنے کیلئے منگوڈ اسمبلی حلقہ میں پوسٹر مہم شروع کی ہے۔

حیدرآباد: بی جے پی نے ٹی آر ایس حکومت کی جھوٹ، دھوکہ اور اقربا پروری کا پردہ فاش کرنے کیلئے منگوڈ اسمبلی حلقہ میں پوسٹر مہم شروع کی ہے۔

صدر بی جے پی تلنگانہ بنڈی سنجے نے آج منگوڈ کے مری گڈہ میں پوسٹرس کو جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے بی جے پی کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ مٹن، دولت اور شراب کے سہارے انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔

بنڈی سنجے نے کہا کہ منگوڈ کا نتیجہ ریاست میں مستقبل کی سیاست کا تعین کرے گا۔ انہوں نے حلقہ کے عوام سے ٹی آر ایس قائدین کے مکرو فریب کا شکار نہ ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دھوکہ باز شخص ہیں۔

انہوں نے تحریک تلنگانہ کے دوران وعدہ کیا تھا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد پہلا چیف منسٹر دلت ہوگا مگر وہ اس وعدے سے مکر گئے اور خود چیف منسٹر بن بیٹھے۔

بنڈی سنجے نے کہا کہ ہر دلت کو تین ایکر اراضی دینے کا وعدہ، ٹینک بنڈ پر12فٹ طویل امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب، ہر منڈل میں امبیڈکر کے مجسمہ لگانے کا وعدہ، ریاست میں یونیورسٹیز میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی، مخلوعہ پروفیسرس، اسوسی ایٹ پروفیسرس، اسسٹنٹ پروفیسرس اور غیر تدریسی عملہ کا تقرر، یونیورسٹیز کے سنہرے ماضی کی بحالی کا وعدہ، ہر بے گھر کو ڈبل بیڈروم، ہر گھر کو صاف شفاف پینے کا پانی، تحریک تلنگانہ میں حصہ لیئے ہر فرد کو ڈبل بیڈروم فلاٹ اور دیگر وعدے آج بھی پورے نہیں ہوئے۔

حکومت کی اس دھوکہ دہی کو عوام تک پوسٹرس کے ذریعہ بتایا جائے گا۔ اس موقع پراین اندراسین ریڈی، منوہر ریڈی ودیگر موجود تھے۔