کنڑ فلم ’’ڈیر ڈیول مصطفی‘‘ ٹیکس سے مستثنیٰ
سوگھل نے سدارامیا کو اپنے مکتوب میں فلم دیکھنے کے لیے وقت نکالنے کی درخواست کرتے ہوئے لکھا تھا کہ فلم میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کا پیغام ہے

بنگلورو: کرناٹک حکومت نے کنڑ فلم ”ڈیر ڈیول مصطفی“ کو ٹیکس سے مستثنیٰ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ فلم معروف مصنف آنجہانی پورنا چندرا تیجسوی کی مختصر کہانی پر مبنی ہے۔
ہدایت کاری کے میدان میں قدم رکھنے والے ششانک سوگھل نے حال ہی میں چیف منسٹر سدارامیا سے فلم کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی درخواست کی تھی۔
چیف منسٹر کی جانب سے اسے ٹیکس فری کرنے کے بعد فلم کے ٹکٹس ریاستی گوڈس اینڈ سرویس ٹیکس (ایس جی ایس ٹی) سے مستثنیٰ رہیں گے۔
سوگھل نے سدارامیا کو اپنے مکتوب میں فلم دیکھنے کے لیے وقت نکالنے کی درخواست کرتے ہوئے لکھا تھا کہ فلم میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کا پیغام ہے اور اسے عوام، تیجسوی کے قارئین، مداحوں اور خاندان سے ستائش حاصل ہوئی اور ان کی خواہش ہے کہ اس کا پیغام عوام کی بڑی تعداد تک پہنچے۔
راشٹر کوی کے وی پٹپا المعروف کوویمپو کے بیٹے تیجسوی فوٹو گرافر، ناشر، پینٹر، محب فطرت اور ماہر ماحولیات تھے۔ فلم ”ڈیر ڈیول مصطفی“ عوامی چندہ سے بنائی گئی جس میں زیادہ تر نئے چہرے ہیں۔ اس فلم کو 19/ مئی کو ریلیز کیا گیا۔