شمالی بھارت
گریٹر نوئیڈا کی کمپنی میں مچھر مار اسپرے‘ 16 خاتون ملازمین بے ہوش
اترپردیش کے گریٹر نوئیڈا یکوٹیک 3 پولیس اسٹیشن علاقہ میں ایک الکٹرانک پارٹس کمپنی میں مچھر مار دوا کے اسپرے سے کم ازکم 16 خاتون ملازمین بے ہوش ہوگئیں۔
نوئیڈا۔: اترپردیش کے گریٹر نوئیڈا یکوٹیک 3 پولیس اسٹیشن علاقہ میں ایک الکٹرانک پارٹس کمپنی میں مچھر مار دوا کے اسپرے سے کم ازکم 16 خاتون ملازمین بے ہوش ہوگئیں۔
انہیں اتوار کی شام قریبی خانگی دواخانہ میں شریک کرایا گیا۔ عورتوں کے رشتہ داروں نے ہنگامہ برپا کردیا۔
اتوار کے دن کمپنی میں کام چل رہا تھا جس کے دوران مینجمنٹ نے مچھر مار دوا کا اسپرے کرادیا۔ اسپرے اسٹرانگ تھا جس کی وجہ سے وہاں کام کرنے والی عورتوں کی طبیعت بگڑنے لگی۔
16عورتیں بے ہوش ہوگئیں۔ مینجمنٹ نے دیگر ملازمین کی مدد سے انہیں قریبی خانگی دواخانہ منتقل کیا۔ کہا جاتا ہے کہ اب ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔ متاثرہ عورتوں کے عزیزوں کی شکایت پر پولیس کارروائی کرنے پر غور کررہی ہے۔