تلنگانہ

سرکاری زچگی خانہ پٹلہ برج میں مدر ملک بینک کاافتتاح

ریاستی وزیرصحت وطبابت وفینانس ٹی ہریش راؤنے آج سرکاری زچگی خانہ پٹلہ برج میں مدر(Mother)ملک بینک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر ہریش راؤ نے کہاکہ ماں کا دودھ بھرپور غذا ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیرصحت وطبابت وفینانس ٹی ہریش راؤنے آج سرکاری زچگی خانہ پٹلہ برج میں مدر(Mother)ملک بینک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر ہریش راؤ نے کہاکہ ماں کا دودھ بھرپور غذا ہے۔

ماں کے دودھ کا کسی غذایا کسی بھی دودھ سے تقابل نہیں کیا جاسکتا۔ماں کے دودھ کی اہمیت اور اس کی طبی افادیت کومدنظررکھتے ہوئے حکومت نے سرکاری زچگی خانہ پٹلہ برج میں مدرملک بینک کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیاہے جس کا مقصدکرٹیکل کیئر سنٹر میں زیر علاج شیرخواروں کوماں کا دودھ مل سکے۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ‘دنیابھرمیں یکم تا 7اگست بریسٹ ملک ہفتہ تقاریب کااہتمام کررہاہے اس ہفتہ کے دوران ماوؤں میں اپنے شیرخواروں کو دودھ پلانے‘ بچے کی پیدائش کے ایک گھنٹے کے اندرماں کا دودھ پلانے کی اہمیت کے بارے میں شعور بیدار کیا جاہاہے۔

انہوں نے اس امرپر تاسف کا اظہار کیا کہ دنیا میں آنے والے صرف 36 فیصد خوش نصیب بچوں کوپیدائش کے ایک گھنٹے کے اندر انہیں ماں کا دودھ ملتا ہے۔ اس طرح پیدائش کے ایک گھنٹہ کے اندر 64 فیصد بچے ماں کے دودھ سے محروم رہتے ہیں۔ اس صورتحال کے لئے ماوؤں میں شعور بیدار کرنا ضروری ہے۔

سرجری کے ذریعہ زچگی ہونے کے سبب ماں کی چھاتیوں میں دودھ آنے کا عمل موخرہوجاتاہے۔وزیر صحت نے کہاکہ نارمل زچگیوں کی اہمیت اورسرجری سے گریز سے متعلق شعور کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ چندخواتین‘دردزہ اوردیگر تکالیف سے بچنے کے لئے سرجری کوترجیح دیتی ہیں۔

یہ طرز عمل صحیح نہیں ہے۔ ڈاکٹروں کی ہدایت پرحاملہ خواتین کو عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے تمام اے این ایم‘آشاورکرس اور سرپنچوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گاؤں میں ماں کے دودھ کی اہمیت کواجاگر کریں۔ راؤ نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سرکاری زچگی خانوں اور دواخانوں میں زچگیوں کی شرح میں اضافہ ہواہے۔

سرکاری دواخانوں میں نارمل زچگیاں کی جارہی ہیں۔ نارمل زچگی پر متعلقہ میڈیکل اسٹاف کو3ہزار روپے کی مراعات دی جارہی ہے۔ ہریش راؤ نے عوام پر زوردیا کہ وہ سرکاری دواخانوں میں دستیاب طبی سہولتوں سے استفادہ کریں۔