شمالی بھارت

ممتا بنرجی سے نتیش کمار کی ملاقات

چیف منسٹرمغربی بنگال ممتا بنرجی اور ان کے بہار کے ہم منصب نتیش کمار نے پیر کے دن زور دیا کہ 2024 کے لوک سبھا الیکشن کے لئے بی جے پی کے خلاف متحد ہونے اپوزیشن جماعتوں کو اپنی اَنا چھوڑنی ہوگی۔

کولکتہ: چیف منسٹرمغربی بنگال ممتا بنرجی اور ان کے بہار کے ہم منصب نتیش کمار نے پیر کے دن زور دیا کہ 2024 کے لوک سبھا الیکشن کے لئے بی جے پی کے خلاف متحد ہونے اپوزیشن جماعتوں کو اپنی اَنا چھوڑنی ہوگی۔

متعلقہ خبریں
اڈانی گروپ کے خلاف تحقیقات ضروری: نتیش کمار
مرشدآباد میں رام نومی پر جھڑپیں، الیکشن کمیشن ذمہ دار: ممتا
میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں: لالو پرساد یادو
ملک میں 11 سیاسی جماعتیں، غیرجانبدار
تیجسوی یادو کو جاریہ ماہ گرفتار نہیں کیا جائے گا: عدالت

آج دوپہر ممتا بنرجی کی ملاقات ریاستی سکریٹریٹ میں نتیش کمار اور ان کے نائب تیجسوی یادو سے ہوئی۔ میٹنگ کے بعد دونوں چیف منسٹرس نے میڈیا سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپوزیشن اتحاد پر زور دیا جو شخصی اَنا چھوڑنے سے حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ متحد رہے ہیں۔ بی جے پی ہیرو بن گئی ہے اور اسے زیرو بنانے کی ضرورت ہے۔ شخصی اَنا کا سوال ہی نہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ نتیش بابو نے مختلف سیاسی جماعتوں سے بات چیت شروع کردی ہے۔ میں بھی دوسروں سے ایسی ہی بات چیت شروع کررہی ہوں۔

آئندہ دنوں میں ہم مل جل کر آگے بڑھیں گے۔ ممتا بنرجی کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ تمام غیربی جے پی اپوزیشن جماعتوں کو 2024کے الیکشن سے قبل متحد ہونا ہوگا۔ آئیں مل جل کر بیٹھیں اور تبادلہ خیال کریں کہ ہمیں آنے والے دنوں میں کیسے آگے بڑھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہماری بات چیت نہایت ثمرآور رہی۔ ہم اس بات پر آمادہ ہوگئے کہ ہم سبھی کو متحد ہونا ہے اور مل جل کر آگے بڑھنا ہے تاہم مختصر میڈیا بریفنگ سے یہ واضح نہ ہوسکا کہ آیا دونوں چیف منسٹر اس بات پر آمادہ ہوگئے ہیں کہ وسیع تر اپوزیشن اتحا دمیں کانگریس کو شامل کیا جائے۔

ترنمول کانگریس پہلے ہی واضح کرچکی ہے کہ کانگریس اپوزیشن اتحاد کے اس کے فارمولہ میں فٹ نہیں بیٹھتی۔ نتیش کمار‘ کانگریس کے اعلیٰ قائدین سے بات چیت کرتے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے بموجب چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے پیر کے دن کولکتہ میں چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی سے ملاقات کی۔

دونوں قائدین‘ اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کے خواہاں ہیں۔ 2 علاقائی طاقتور رہنما 2024کے لوک سبھا الیکشن سے قبل مل جل کر تیاری کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔ دورانِ ملاقات بہار کے ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کو ”مثبت“ قراردیا گیا۔

نتیش کمار نے ریاستی سکریٹریٹ میں ملاقات کے بعد کہا کہ بڑی مثبت بات چیت ہوئی۔ اپوزیشن جماعتوں کو مل بیٹھنے اور حکمت ِ عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ میٹنگ سے باہر آتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ہمیں یہ پیام دینا ہے کہ ہم سب متحد ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں قائدین نے تبادلہ خیال کیا کہ الیکشن سے قبل قابل عمل اتحاد کو وجود میں لانے کیسے آگے بڑھا یا جائے۔ نتیش کمار نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کے لئے کچھ بھی نہیں کیا جارہا ہے۔

ملک میں جو لوگ برسراقتدار ہیں انہیں صرف اپنی تشہیر میں دلچسپی ہے۔ اپوزیشن قائدین بڑھتی مہنگائی‘ روپیہ کی گھٹتی قدر اور سرکاری اشتہارات پر بے دریغ خرچ پر تنقید کرتے رہے ہیں۔