آندھراپردیش

وویکا نندا ریڈی قتل کیس: اصل ملزم کی سی بی آئی عدالت میں خودسپردگی

آندھرا پردیش کے سابق وزیر وائی ایس وویکا ننداریڈی قتل کیس کے اصل ملزم ییرا گنگی ریڈی نے تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر جمعہ کے روزسی بی آئی کی عدالت میں خودسپردگی اختیار کرلی۔

حیدرآباد: آندھرا پردیش کے سابق وزیر وائی ایس وویکا ننداریڈی قتل کیس کے اصل ملزم ییرا گنگی ریڈی نے تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر جمعہ کے روزسی بی آئی کی عدالت میں خودسپردگی اختیار کرلی۔

متعلقہ خبریں
وویکا نندا ریڈی قتل کیس، اصل ملزم گنگی ریڈی کی ضمانت منسوخ

سی بی آئی نے اُسے 2جون تک عدالتی تحویل میں دے دیا ہے۔ اُسے چنچل گوڑہ سنٹرل جیل منتقل کیا جائے گا۔ ہائی کورٹ نے 27اپریل کو گنگی ریڈی کی ضمانت منسوخ کردی تھی اور اُسے 5مئی تک سی بی آئی عدالت میں خودسپردگی اختیار کرنے کی ہدایت دی تھی۔

ہائی کورٹ نے رولنگ دی تھی کہ سی بی آئی 30جون کو سماعت مکمل کرنے والی ہے۔ لہٰذا گنگی ریڈی کو یکم جولائی کو 1.50لاکھ روپے کے شخصی مچلکہ پر ضمانت منظور کی جاسکتی ہے۔سپریم کورٹ نے اس سنسنی خیز کیس میں تحقیقات مکمل کرنے کیلئے دی گئی مہلت میں 30جون تک توسیع کردی ہے۔

سی بی آئی نے اس بنیاد پر ضمانت منسوخ کرنے کی گذارش کی تھی کہ گنگی ریڈی اصل ملزم ہے اور وہ اس کیس کے کلیدی گواہوں پر اثر انداز ہورہا ہے۔سی بی آئی وکیل نے بحث کرتے ہوئے کہا تھاکہ گنگی ریڈی کو سیاسی حمایت حاصل ہے اور وہ اپنے روابط کے ذریعہ گواہوں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہا ہے۔

آندھرا پردیش پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے جو اُس وقت اس قتل کیس کی تحقیقات کررہی تھی، 28مارچ 2019کو گنگی ریڈی کو گرفتار کیا تھا۔پلی ویندلہ کی مقامی عدالت نے 27جون 2019کوریڈی کی ضمانت منظور کرلی تھی کیونکہ ایس آئی ٹی مقررہ مدت میں چارج شیٹ داخل کرنے میں ناکام رہی تھی۔

سی بی آئی نے اس کیس کی تحقیقات کا جائزہ حاصل کرلیا تھا اور چارج شیٹ داخل کی تھی جس کے بعد وہ اس کی ضمانت کی منسوخی کیلئے عدالت سے رجوع ہوئی تھی۔عدالت نے سی بی آئی کی درخواست خارج کردی تھی۔بعدازاں آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے بھی نچلی عدالت کے فیصلہ کو برقرار رکھا تھا۔