شمالی بھارت

پھلواری شریف کیس‘ 32مقامات پر این آئی اے کے دھاوے

قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) پھلواری شریف دہشت گردی ماڈیول کیس کے سلسلہ میں بہار میں 32 مقامات پر دھاوے کررہی ہے۔

پٹنہ: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) پھلواری شریف دہشت گردی ماڈیول کیس کے سلسلہ میں بہار میں 32 مقامات پر دھاوے کررہی ہے۔

این آئی اے کی علٰحدہ ٹیموں نے پٹنہ‘ مدھوبنی‘ دربھنگہ‘ اراڑیہ‘ سارن‘ مظفرپور اور دیگر اضلاع میں بیک وقت دھاوے کئے۔ اراڑیہ میں این آئی اے کی ٹیم نے جوکی ہاٹ بلاک میں احسن پرویز نامی ایک شخص کے مکان پر دھاوا کیا۔

پھلواری شریف دہشت گردی ماڈیول کی تحقیقات کے سلسلہ میں احسن کا نام سامنے آیاتھا۔ وہ ایس ڈی پی آئی کا ریاستی جنرل سکریٹری بتایاجاتا ہے۔ علاوہ ازیں وہ پاپولرفرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) کا ڈسٹرکٹ کنوینر بھی ہے اور فی الحال این آئی اے کی زیرحراست ہے۔

دیگر دو ٹیموں نے ضلع پٹنہ میں پھلواری شریف کے موضع گونپورہ کے ملکانیہ محلہ میں دھاوے کئے۔ دربھنگہ میں این آئی اے کی ٹیموں نے موضع شنکرپور اور موضع اردو ولیج میں دھاوے کئے۔ شنکر پور موضع میں این آئی اے کی ٹیم نے محمدمستقیم کے مکان پر دھاوا کیا۔

این آئی اے نے پھلواری شریف دہشت گردی ماڈیول کیس کے سلسلہ میں اس کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ وہ اس کیس کے شریک ملزم ثناء اللہ کا دوست بھی ہے۔ مدھوبنی میں این آئی اے کی ٹیم نے انصاراللہ عرف انصار کے مکان پر دھاوا کیا۔ سارن میں این آئی اے کی ٹیم نے موضع رودال پور کے ساکن پرویز عالم کے مکان پر دھاوا کیا۔