دہلی
دکانوں پر مالک کا نام لکھنا تفرقہ انگیز ذہنیت ہے: پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی نے کہا کہ سماج میں ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنا آئین کے خلاف جرم ہے۔ اس حکم کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور اسے جاری کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے کانوڑ مارگ پر واقع دکانوں پر مالک کا نام لکھنے کے حکم کو تفرقہ انگیز ذہنیت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حکم کو فوری طور پر واپس لیا جانا چاہئے ۔
وڈرا نے آج یہاں کہاکہ’’ہمارا آئین ہر شہری کو اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ اس کے ساتھ ذات، مذہب، زبان یا کسی اور بنیاد پر امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔اتر پردیش میں گاڑیوں، کھوکھوں اور دکانوں پر ان کے مالکان کے نام کے بورڈ لگانے کا تفرقہ انگیز حکم ہمارے آئین، ہماری جمہوریت اور ہماری مشترکہ وراثت پر حملہ ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ سماج میں ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنا آئین کے خلاف جرم ہے۔ اس حکم کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور اسے جاری کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔