شمالی بھارت

بی جے پی‘ چوکیدار بن کر پسماندہ مسلمانوں کی خدمت کرے گی

اترپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ نے بی جے پی کے حریفوں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ریاست کے مسلمانوں کو پسماندہ رکھا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ان کی پارٹی چوکیدار بن کر پسماندہ مسلمانوں کی سیوا(خدمت) کرے گی۔

لکھنو: اترپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ نے بی جے پی کے حریفوں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ریاست کے مسلمانوں کو پسماندہ رکھا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ان کی پارٹی چوکیدار بن کر پسماندہ مسلمانوں کی سیوا(خدمت) کرے گی۔

بی جے پی اقلیتی مورچہ کے زیراہتمام پروگرام میں انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں نے سماج وادی پارٹی کو مستحکم کیا۔ ووٹ دے کر کبھی بی ایس پی اور کبھی کانگریس کو بلوان(طاقتور) بنایا۔ آپ کی مدد سے یہ جماعتیں سیاسی عروج پر پہنچ گئیں۔ آپ کو سوچنا چاہئے کہ ان پارٹیوں سے آپ کو کیا ملا۔

ان پارٹیوں نے مسلمانوں کو بی جے پی سے دور رکھنے زہر پھیلایا۔ دیگر جماعتوں نے پسماندہ مسلم برادریوں کو دانستہ پیچھے رکھا۔ بی جے پی چوکیدار بن کر آپ کی سچی خدمت کرے گی۔ موریہ نے پسماندہ مسلمانوں سے کہا کہ آپ لوگوں نے ان جماعتوں پر بھروسہ کیا۔ صرف ایک بار بی جے پی پر اعتماد کریں۔

ان لوگوں کو سبق سکھانا چاہئے جنہوں نے پسماندہ مسلمانوں کو صرف استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں ہر شہری علاقہ میں پسماندہ مسلمانوں کے لئے پروگرام کئے جائیں گے۔ اترپردیش میں مسلمانوں کی 85 فیصد آبادی پسماندہ مسلمانوں پر مشتمل ہے۔

اس کمیونٹی میں 41 ذاتیں بشمول قریشی‘ انصاری‘ سلمانی‘ شاہ‘ منصوری اور صدیقی شامل ہیں۔ بی جے پی پسماندہ کانفرنسوں کے ذریعہ مسلمانوں کی بڑی تعداد کو اپنے قریب لانے کی کوشش میں ہے۔ اس نے اعلان کیا کہ آنے والے میونسپل الیکشن میں مسلمانوں کو بھی ٹکٹ دیا جائے گا۔