راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان خلیج میں اضافہ
ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن پر بی جے پی کے کارکن کی طرح کام کرنے کا الزام لگایا جارہا ہے، اس الزام کا جواب دیتے ہوئے انکا کہنا ہے کہ انہیں بات کرنے کا حق ہے مگر گورنر کو منہ بند رکھنے کیلئے کہا جارہا ہے۔
حیدرآباد: راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان جاری رسہ کشی کا اس سال بھی یوم جمہوریہ تقاریب پر اثر پڑنے کا امکان ہے۔ سرکاری سطح پر بڑے پیمانے پر یوم جمہوریہ تقاریب کا انعقاد موہوم نظر آرہا ہے۔
راج بھون ذرائع کے مطابق گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی یوم جمہوریہ تقاریب راج بھون میں ہی منعقد کی جاسکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن کے درمیان تعلقات انتہائی سرد ہوچکے ہیں اور وہ ایک دوسرے کو دیکھنے سے بھی گریز کررہے ہیں۔
دوسری طرف راج بھون کی جانب سے یوم جمہوریہ تقاریب کے انعقاد کے لئے ریاستی حکومت سے ربطہ پیدا کئے جانے کی اطلاع ہے تاہم ریاستی حکومت کی جانب سے اس بات کی توثیق نہیں کی گئی۔
راج بھون کے ذمہ داروں نے بتایا کہ یوم جمہوریہ کے دن راج بھون میں منعقد شدنی ایٹ ہوم تقریب کا حسب روایت انعقاد عمل میں لایا جائے گا اور اس کیلئے تیاریاں جاری ہیں تاہم ریاستی حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے کہ یو م جمہوریہ تقاریب پر یڈگراونڈ پر منعقد کی جائے گی یا راج بھون میں اہتمام کیا جائیں گا۔
سیاسی حلقوں میں جاری مباحث کے مطابق چیف منسٹر اور گورنر کے درمیان اختلافات اس حد تک پہنچ چکے ہیں جہاں سے واپس ہوناممکن نہیں ہے۔ دسمبرمیں چیف منسٹر نے گورنر کی جانب سے راج بھون میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے اعزاز میں ترتیب دئیے گئے عشائیہ میں شرکت سے گریز کیا تھا۔
یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ گذشتہ ا یک سال سے گورنر شکایت کررہی ہیں کہ انہیں یوم جمہوریہ کے موقع پر پریڈ گراونڈپر قومی پرچم کشائی کے موقع سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔ 19 پروٹوکول کی وجہ سے انہیں راج بھون میں ترنگا لہرانا پڑا تھا۔
گورنر کو شکایت ہے کہ کووڈ پروٹوکول پر صرف تلنگانہ میں عمل کیا گیا جبکہ ملک کی دیگر ریاستوں میں بڑے پیمانے پر یوم جمہوریہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ جاریہ سال 75 ویں یوم جمہوریہ ہے اور اس کو بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا جانا چاہے۔
ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن پر بی جے پی کے کارکن کی طرح کام کرنے کا الزام لگایا جارہا ہے، اس الزام کا جواب دیتے ہوئے انکا کہنا ہے کہ انہیں بات کرنے کا حق ہے مگر گورنر کو منہ بند رکھنے کیلئے کہا جارہا ہے۔ اگر کوئی گورنر بات نہیں کرتا ہے تو کیا میں بھی اپنا منہ بند رکھوں؟
محض آپ کے اقدام سے مجھے راج بھون میں یوم جمہوریہ تقاریب منعقد کرنا پڑا۔ مگر آپ کے کابینی رفقاء، اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی یہاں تک کہ اراکین بلدیہ نے بھی اس تقریب میں شرکت سے گریز کیا۔ وہ یہ جاننا چاہتی ہیں کہ کیا راج بھون ممنوع جگہ ہے؟ کیا میرا پرچم کشائی کرنا غلطا ہے؟۔