اسرائیل کیلئے جاسوسی، ایران میں مزید 3 افراد کو پھانسی دی گئی
ایران نے چہارشنبہ کے دن مزید 3 قیدیوں کو اسرائیل کے لئے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت دے دی۔ سرکاری نیوز ایجنسی اِرنا نے یہ اطلاع دی۔ ان قیدیوں کا سولی پر لٹکایا جانا اسرائیل کے ساتھ ایران کی جنگ سے جڑا ہے۔

دُبئی (اے پی) ایران نے چہارشنبہ کے دن مزید 3 قیدیوں کو اسرائیل کے لئے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت دے دی۔ سرکاری نیوز ایجنسی اِرنا نے یہ اطلاع دی۔ ان قیدیوں کا سولی پر لٹکایا جانا اسرائیل کے ساتھ ایران کی جنگ سے جڑا ہے۔
قیدیوں کو ایران کے صوبہ مغربی آذربائیجان کی عرمیہ جیل میں پھانسی دی گئی۔ ارنا نے عدلیہ کے حوالہ سے یہ خبر دی۔ اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران ایران نے کئی افراد کو سولی پر لٹکایا۔
آج جنہیں پھانسی دی گئی ان کے نام آزاد شجاعی‘ ادریش عالی اور عراقی شہری رسول احمد رسول بتائے گئے ہیں۔ حالیہ جنگ میں اسرائیل میں کم ازکم 28 افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔
ایران میں مرنے والوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔ حکومت ِ ایران نے منگل کے دن ہلاکتوں کی تعداد 606 اور زخمیوں کی تعداد 5332 بتائی تھی۔ انسانی حقوق کارکنوں کا کہنا ہے کہ کم ازکم 1054 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور زخمیوں کی تعداد 4476 ہے۔
اسی دوران ایران میں لوگوں کی زندگی معمول پر آنے لگی ہے۔ لوگ تہران واپس ہونے لگے ہیں۔ دارالحکومت تہران‘اسرائیلی فضائی حملوں کا زیادہ نشانہ بنا تھا۔