Uncategorized

ایران کا آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون معطل

ایرانی پارلیمنٹ (مجلس) نے چہارشنبہ کے دن اقوام متحدہ کے نیوکلیر ادارہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی(آئی اے ای اے) کے ساتھ تعاون معطل کرنے کا بل منظور کیا۔

تہران (آئی اے این ایس) ایرانی پارلیمنٹ (مجلس) نے چہارشنبہ کے دن اقوام متحدہ کے نیوکلیر ادارہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی(آئی اے ای اے) کے ساتھ تعاون معطل کرنے کا بل منظور کیا۔

یہ فیصلہ 3  ایرانی نیوکلیر سائٹس اصفہان‘ فردو اور نتانز پر امریکہ کے حالیہ حملہ (آپریشن مڈنائٹ ہیمر) کے بعد کیا گیا۔ ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی مہر نے یہ اطلاع دی۔ پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں ارکان نے آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون معطل کرنے سے اتفاق کیا۔

اجلاس میں موجود  223 نمائندوں کے منجملہ 221 نے تائید میں ووٹ ڈالا۔ایک نے مخالفت کی اور ایک غیرحاضر تھا۔ ایران نے کہا ہے کہ اسے اپنے اقتدارِ اعلیٰ‘ مفادات اور عوام کے تحفظ کا پورا حق حاصل ہے۔

اٹامک انرجی آرگنائزیشن آف ایران نے کہا کہ امریکی حملہ سے نیوکلیر تحدید ِ اسلحہ معاہدہ(این پی ٹی)کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ ایران کو پرامن نیوکلیر پروگرام جاری رکھنے سے نہیں روکا جاسکتا۔ قبل ازیں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اقوام متحدہ کی نیوکلیر ایجنسی پر تنقید کی تھی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایجنسی نے ایران کی نیوکلیر تنصیبات پر حملوں کی مذمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے اپنی بین الاقوامی ساکھ کھوچکی ہے۔