مسلم تحفظات: امیت شاہ کے بیان پر اسدالدین اویسی کا شدید رد عمل
کل ہند مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے مسلمانوں کو دیئے گئے تحفظات کی برخواستگی کے تعلق سے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان کی شدید مذمت کی

حیدرآباد: کل ہند مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے مسلمانوں کو دیئے گئے تحفظات کی برخواستگی کے تعلق سے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان کی شدید مذمت کی اور کہا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ اپنے مقاصد کی تکمیل کے لیے اس طرح کے بیانات دیا کرتے ہیں۔
حیدرآباد کے قریب چیوڑلہ میں ایک جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا کہ امیت شاہ نے وعدہ کیا ہے کہ اگر تلنگانہ میں بی جے پی برسر اقتدار آجائے تو وہ مسلمانوں کے دیئے گئے تحفظات برخواست کردے گی۔
مرکزی وزیر نے مسلمانوں کو دیئے گئے کوٹہ کو غیر دستوری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریزرویشن درج فہرست طبقات اور درج فہرست قبائل کے علاوہ دوسرے پسماندہ طبقات (او بی سی) کا حق ہے۔
حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے مرکزی وزیر داخلہ کے اس طرح کے بیان پر شدید رد عمل کااظہار کرتے ہوئے انہوں نے سدھیر کمیشن کی رپورٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ اگر امیت شاہ درج فہرست طبقات قبائل اور دوسرے پسماندہ طبقات کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ ہوں تو انہیں چاہئے کہ وہ دستور میں ترمیم کرکے 50 فیصد کوٹہ تحدیدات کو برخواست کردیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ امیت شاہ تلنگانہ میں مسلمانوں کو دیئے گئے تحفظات کی برخواستگی کا تذکرہ کررہے ہیں بلکہ سابق میں بھی انہوں نے کئی مرتبہ اس کا تذکرہ کرتے ہوئے وعدہ کیاہے کہ اگر بی جے پی برسر اقتدار آجائے تو مسلمانوں کودیئے گئے تحفظات برخواست کردیئے جائیں گے۔
جبکہ وزیراعظم نریندر مودی پسماندہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کا تذکرہ کرتے ہیں۔ کرناٹک میں بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت نے مسلمانوں کو دیئے گئے 4 فیصد تحفظات کو برخواست کردیاہے۔