راجیہ سبھا میں جیا بچن اور اسپیکر جگدیپ دھنکڑ کے بیچ ہوئی سخت تلخ کلامی (ویڈیو وائرل)
جیا بچن نے کہاکہ میں باڈی لینگویج سمجھتی ہوں۔ میں تاثرات سمجھتی ہوں... جناب، مجھے معاف کر دیں، لیکن آپ کا لہجہ ٹھیک نہیں ہے۔ چیئرمین نے جیا بچن کے ریمارکس پر سخت اعتراض ظاہر کیا اور انہیں بیٹھنے کو کہا۔
نئی دہلی: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی رکن پارلیمنٹ جیا بچن کے نام پر راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ ہوا۔ جیا بچن نے اپنے نام کے ساتھ امیتابھ کو شامل کرنے پر اعتراض ظاہر کیا ہے۔ ایم پی جیا بچن نے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ سے کہا کہ میں ایک فنکار ہوں۔
میں باڈی لینگویج سمجھتی ہوں۔ میں تاثرات سمجھتی ہوں… جناب، مجھے معاف کر دیں، لیکن آپ کا لہجہ ٹھیک نہیں ہے۔ چیئرمین نے جیا بچن کے ریمارکس پر سخت اعتراض ظاہر کیا اور انہیں بیٹھنے کو کہا۔ جب حکمراں پارٹی نے اس معاملہ پر مسئلہ اٹھایا تو دھنکھڑ نے کہا، ‘میں جانتا ہوں کہ ان سے کیسے نمٹنا ہے۔
‘ دھنکڑ نے کہا، ‘جیا جی، آپ نے بہت عزت حاصل کی ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ ایک اداکار ڈائرکٹر کے ماتحت ہوتا ہے۔ جو کچھ میں یہاں سے دیکھ رہا ہوں وہ آپ نہیں دیکھ سکتیں۔ میرا لہجہ، میری زبان، میرے مزاج کا چرچا ہو رہا ہے۔ لیکن میں کسی اور کے اسکرپٹ کو فالو نہیں کرتا، میرا اپنا اسکرپٹ ہے۔
چیئرمین نے سخت الفاظ میں کہا کہ میں یہ سب برداشت نہیں کروں گا۔ اس کے بعد پارٹی اور اپوزیشن دونوں کی طرف سے زبردست ہنگامہ ہوا اور ناراض اپوزیشن نے ایوان کا بائیکاٹ کیا۔ ایوان میں اپوزیشن کے کئی ارکان اپوزیشن کو بولنے کا موقع دینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
ایوان کے باہر اس معاملہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ایس پی ایم پی جیا بچن نے کہا، "میں نے اسپیکر کے لہجے پر اعتراض کیا ہے۔ ہم اسکول کے بچے نہیں ہیں، ہم سب بزرگ ہیں، خاص طور پر جب اپوزیشن لیڈر (ملیکارجن کھرگے) کے بارے میں بات ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ پیر کو جیا بچن نے راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ کے ایوان میں اپنا پورا نام کہنے پر بھی اعتراض کیا تھا۔ انہوں نے راجیہ سبھا کے چیئرمین سے کہا تھا کہ مجھے اپنے نام، اپنے شوہر کے نام اور ان کی کامیابیوں پر فخر ہے۔
یہ ایک نیا ڈرامہ ہے جو آپ سب نے شروع کیا ہے۔ ایسا پہلے نہیں ہوتا تھا۔ اس کے جواب میں نائب صدر نے کہا کہ انتخابی سرٹیفکیٹ پر لکھے ہوئے نام کو تبدیل کرنے کا انتظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیتابھ بچن کی کامیابی پر پورے ملک کو فخر ہے۔ تاہم، انتخابی سرٹیفکیٹ میں لکھا ہوا نام ہی استعمال ہوتا ہے اور آپ اپنا نام تبدیل کر سکتے ہیں، اس کے لیے ایک انتظام ہے۔
اس دوران ایس پی رکن پارلیمنٹ نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر نے اپنے نام کے بعد اپنی بیوی کا نام کیوں نہیں جوڑا؟ انہیں شامل کیا جائے۔ اس پر کھٹر نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ جہاں تک میری بیوی کے نام کا تعلق ہے تو یہ اس زندگی میں ممکن نہیں ہے۔ اس کے لیے ہمیں اگلے جنم تک انتظار کرنا پڑے گا۔