موہن بھاگوت کی مدرسہ کے طلبا سے ملاقات، بچوں نے جئے ہند اور وندے ماترم کے نعرے لگائے
موہن بھاگوت نے بچوں سے کہا کہ وہ اسلامی مضامین کے علاوہ کمپیوٹر کے بارے میں بھی علم حاصل کریں۔ اس سے انہیں مستقبل میں مدد ملے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک گھنٹے کے دورے کے دوران موہن بھاگوت نے بچوں سے قرآن کی آیات بھی سنیں۔
نئی دہلی: امام عمر احمد الیاسی نے موہن بھاگوت کو ‘فادر آف نیشن’ قرار دیا اور کہا کہ آر ایس ایس کے سربراہ ان کی دعوت پر مدرسہ تجوید القرآن آئے تھے۔ اس دوران انہوں نے مدرسہ میں زیر تعلیم بچوں سے بھی بات کی۔ اندریش کمار نے بتایا کہ موہن بھاگوت نے بچوں کے ساتھ کیا بات چیت کی؟۔
انہوں نے کہا کہ موہن بھاگوت نے بچوں سے پوچھا کہ وہ کیا پڑھتے ہیں اور زندگی میں کیا بننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکثر بچوں نے بتایا کہ وہ ڈاکٹر یا انجینئر بننا چاہتے ہیں۔ اس دوران امام عمر احمد الیاسی نے بھاگوت کو بتایا کہ یہاں بچوں کو مذہبی تعلیم دینے کے علاوہ جدید مضامین بھی پڑھائے جاتے ہیں۔
موہن بھاگوت نے بچوں سے کہا کمپیوٹر بھی سیکھو، کام آئے گا۔آر ایس ایس سربراہ سے ملاقات کے دوران مدرسہ کے طلباء نے جئے ہند اور وندے ماترم کے نعرے بھی لگائے۔ مدرسہ میں پڑھانے والے محمود حسن نے کہا کہ بچوں نے موہن بھاگوت سے انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ موہن بھاگوت نے بچوں سے کہا کہ وہ اسلامی مضامین کے علاوہ کمپیوٹر کے بارے میں بھی علم حاصل کریں۔ اس سے انہیں مستقبل میں مدد ملے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک گھنٹے کے دورے کے دوران موہن بھاگوت نے بچوں سے قرآن کی آیات بھی سنیں۔
حسن نے کہا کہ موہن بھاگوت نے بچوں سے عمومی علم کے سوالات بھی پوچھے۔ ان کا زور تھا کہ بچوں کو اسلامی مضامین کے ساتھ ساتھ جدید مضامین کے بارے میں بھی معلومات دی جائیں۔آر ایس ایس کے ترجمان سنیل امبیکر نے کہا کہ موہن بھاگوت زندگی کے ہر شعبے کے لوگوں سے ملتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنگھ کے مذاکراتی عمل کا حصہ ہے۔