پراسرار آوازیں اور جھٹکے، 300 افراد کا تخلیہ (ویڈیو)
اناکلو علاقہ میں دھماکوں جیسی آوازیں سنائی دینے اور جھٹکے لگنے کے بعد تقریباً 300 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ملاپورم (کیرالا) (پی ٹی آئی) اناکلو علاقہ میں دھماکوں جیسی آوازیں سنائی دینے اور جھٹکے لگنے کے بعد تقریباً 300 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
پہلے دھماکہ کی آواز منگل کی شب تقریباً 9:15 بجے سنائی دی جس کے بعد 10:15 بجے اور 10:45 بجے بھی 2 آوازیں سنائی دیں اور ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ یہ آوازیں تقریباً 2 کیلو میٹر کے دائرہ میں سنائی دیں اور مقامی عوام میں دہشت پھیل گئی۔
85 خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 287 افراد کو منگل کی رات دیر گئے ایک اسکول میں منتقل کردیا گیا۔ مقامی عوام نے بتایا کہ انہوں نے جو آوازیں سنیں وہ گرینائٹ کی کانوں سے آنے والی آوازوں کے مماثل تھیں اور آوازوں کے ساتھ ساتھ جھٹکے بھی محسوس کئے گئے۔ اس علاقہ کے بعض مکانات میں دراڑیں بھی پڑگئی ہیں۔
ایک خاتون نے بتایا کہ ہم اپنے مکانات واپس ہونے سے خوفزدہ ہیں۔ ہم نے باربار دھماکوں جیسی آوازیں سنیں اور گھروں سے نکل بھاگے کیونکہ یہ آوازیں مسلسل آرہی تھیں۔ ایک بزرگ شخص نے بتایا کہ اس علاقہ میں گزشتہ 10 دن سے ایسی ہی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔
پنچایت کی رکن اومنا نے بتایا کہ اسے بعض مقامی افراد سے فون کال موصول ہوئی جس میں انہوں نے آوازوں اور جھٹکوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میرے علاوہ گاؤں کے عہدیدار اور پولیس بھی اس مقام پر پہنچ گئی اور اس علاقہ کا معائنہ کیا تب ہمیں 2 مکانات میں دراڑوں کا پتہ چلا۔ ہم نے دوبارہ آوازیں سنائی دینے پر ان تمام لوگوں کو کیمپ (اسکول) میں منتقل کردیا۔