شمالی بھارت

سینی کی 15اکتوبر بحیثیت چیف منسٹر ہریانہ حلف برداری متوقع

بی جے پی لیڈر نائب سنگھ سینی کی بحیثیت چیف منسٹر ہریانہ 15اکتوبر کو پنچ کلاہ پریڈ گراؤنڈ میں حلف برداری متوقع ہے۔

چندی گڑھ (آئی اے این ایس) بی جے پی لیڈر نائب سنگھ سینی کی بحیثیت چیف منسٹر ہریانہ 15اکتوبر کو پنچ کلاہ پریڈ گراؤنڈ میں حلف برداری متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں
ہریانہ اسمبلی میں نائب سنگھ سینی حکومت نے اعتماد کا ووٹ جیت لیا

توقع ہے کہ اس تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی، کئی مرکزی وزرأ، بی جے پی زیراقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس اور پارٹی کے سرکردہ قائدین بھی موجود رہیں گے۔ حلف برداری تقریب کے انتظامات کیلئے پنچ کلاہ ڈسٹرکٹ کمشنر کی زیرقیادت ایک10رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

نائب سنگھ سینی نے ہریانہ میں 48نشستوں پر کامیابی کے ساتھ شاندار ہیٹرک درج کرانے کے بعد چہارشنبہ کے روز دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر سینئر بی جے پی قائدین سے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے مقابلہ میں 11 نشستیں زائد حاصل کی ہیں۔

پارٹی قائدین نے اِس یقین کااظہار کیا کہ کارگذار چیف منسٹر سینی جن کی قیادت میں پارٹی نے انتخابی جنگ لڑی اور 10سالہ مخالف حکومت لہر پر قابو پایا، انہیں چیف منسٹر کی حیثیت سے برقرار رکھا جائے گا۔ سابق نائب سنگھ سینی کابینہ کے 10کے منجملہ8وزرأ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کامیابی حاصل کرنے والے 2وزرأ میں مہیپال ڈھانڈا اور مولچندشرما شامل ہیں، جنہوں نے بالترتیب پانی پت رورل اور بلب گڑھ نشستوں سے کامیابی حاصل کی۔

انیل وِج پارٹی کے سینئر ترین وزیر ہیں، جنہوں نے 7 مرتبہ بحیثیت رکن اسمبلی کامیابی حاصل کی ہے۔ دلت ارکانِ اسمبلی کے علاوہ وہ کابینی عہدہ حاصل کرنے کے خواہشمندوں میں پیش پیش ہیں۔ دیگر دو امکانی کابینی وزرأ میں پہلی مرتبہ جیتنے والی آرتی راؤ (اٹیلی) اور شروتی چودھری (توشم) شامل ہیں۔ آرتی راؤ، مرکزی وزیر راؤ اندرجیت سنگھ کی دختر ہیں جبکہ شروتی چودھری رکن راجیہ سبھا کرن چودھری کی بیٹی ہیں۔

آرتی کا تعلق دیگر پسماندہ طبقات سے ہے، جبکہ شروتی جاٹ برادری کی نمائندگی کرتی ہیں۔ نائب سنگھ سینی کو مارچ میں چیف منسٹر بنایا گیا تھا تاکہ منوہر کھٹر کے ساڑھے نو سالہ دوراقتدار میں پیدا ہونے والی مخالف حکومت لہر سے نمٹا جاسکے۔