شادی کرنا یا نہ کرنا راہول کا فیصلہ: کمل ناتھ
کمل ناتھ نے جو نہرو گاندھی خاندان کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتے ہیں، ڈون اسکول میں سنجے گاندھی کے اسکول کے ساتھی اور دوست رہ چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شادی ایک شخصی مسئلہ ہے اور وہی اس کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔

بھوپال: آر جے ڈی سربراہ اور سابق چیف منسٹر بہار لالو پرساد نے کانگریس قائد راہول گاندھی کو شادی کرلینے کا مشورہ دیا، جس کے ایک دن بعد بزرگ سیاستداں اور مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے ہفتہ کے روز کہا کہ کئی افراد نے راہول گاندھی کو شادی کرلینے کا مشورہ دیا ہے، لیکن یہ ایک شخصی مسئلہ ہے۔
کمل ناتھ نے جو نہرو گاندھی خاندان کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتے ہیں، ڈون اسکول میں سنجے گاندھی کے اسکول کے ساتھی اور دوست رہ چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شادی ایک شخصی مسئلہ ہے اور وہی اس کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔
انھوں نے ضلع ڈنڈوری میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ شادی جیسے معاملات میں دوسروں کی رائے اہم نہیں ہوتی۔
یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ بہار میں جمعہ کے روز اپوزیشن قائدین کے اجلاس کے دوران لالو پرساد نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا ”اِن دنوں راہول جی نے اچھا کام کیا اور داڑھی بھی بڑھا لی۔
اب بھی دیر نہیں ہوئی ہے، شادی کرلیجیے۔ انھوں نے بھارت جوڑو یاترا کے حوالے سے یہ بات کہی۔ لالو نے کہا انھوں (راہول) نے پارلیمنٹ میں اڈانی تنازعہ پر بھی اچھی تقریر کی۔ اب انھوں نے داڑھی بھی بڑھا لی ہے۔ ابھی زیادہ دیر نہیں ہوئی ہے، براہِ مہربانی شادی کرلیں۔