سوشیل میڈیا

’’سافٹ ویئر انجینئرز، کال نہ کریں‘‘ ، ضرورت رشتہ کا اشتہار وائرل

ایک ٹویٹر صارف نے اس تصویر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا، ’’فکر نہ کرو۔ انجینئرس اخباری اشتہارات پر بھروسہ نہیں کرتے۔ وہ سب کچھ خود تلاش کرتے ہیں۔‘‘

حیدرآباد: ڈیجیٹلائزیشن نے لوگوں کے لئے اپنا جیون ساتھی تلاش کرنے کا طریقہ بھی بدل دیا ہے۔ تاہم، اخبارات میں کچھ پرانے زمانے کے ٹائپ کے اشتہارات اپنے عجیب و غریب مواد کی وجہ سے انٹرنیٹ پر صارفین کی توجہ مبذول کرالیتے ہیں۔ اس بار دُلہا چاہئے کا ایسا ہی ایک اشتہار ٹویٹر پر وائرل ہوا ہے۔

اشتہار کے مطابق، دلہے کا آئی اے ایس یا آئی پی ایس ہونا ضروری ہے یا ڈاکٹر، صنعتکار/کاروباری ہو۔ ان تقاضوں کے علاوہ، اشتہار کے آخر میں ایک خاص ہدایت بھی ہے جس میں لکھا ہے، ’’سافٹ ویئر انجینئرز مہربانی کرکے کال نہ کریں‘‘۔ تصویر کو ٹویٹر پر شیئر کرنے والے شخص نے مذاق میں لکھا، آئی ٹی کا مستقبل اتنا اچھا نہیں لگتا۔

یہ تصویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔

ایک ٹویٹر صارف نے اس تصویر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا، ’’فکر نہ کرو۔ انجینئرس اخباری اشتہارات پر بھروسہ نہیں کرتے۔ وہ سب کچھ خود تلاش کرتے ہیں۔‘‘

اسی طرح کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے، ایک اور صارف نے لکھا کہ آج کل سافٹ ویئر انجینئرس ہر چیز کو آن لائن تلاش کرتے ہیں (بشمول دلہن)۔ لہذا اس اشتہاری پوسٹر کو ان کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ ویسے بھی اخباری اشتہار کو نہیں دیکھیں گے۔

کچھ صارفوں نے آئی ٹی سیکٹر کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔

درمیان میں ایک شخص ایک مزاحیہ سوال لے کر آیا۔ اس نے پوچھا ’’کیا میکانیکل والے کال کر سکتے ہیں؟‘‘

ایک اور نے تبصرہ کیا، اشتہار کو دیکھ کر، پورے ملک کا مستقبل اتنا اچھا نہیں لگتا ۔

مزید تفصیلات کی عدم موجودگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، ایک صارف نے لکھا ممکنہ ساتھی کی متوقع عمر کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔